آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ این چندرابابو نائیڈو سنگاپور کے سرکاری دورے پر ہیں۔انہوں نے پیر کو سنگاپور کے وزیر ٹان سی لانگ سے اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے سابق حکومت کے دور میں سنگاپور کمپنیوں کو درپیش چیلنجز اور ان کے حل سے متعلق تفصیلی گفتگو کی۔وزیراعلیٰ چندرابابو نائیڈو نے کہا کہ وہ ریکارڈز درست کرنے اور پرانی غلط فہمیوں کو دور کرنے کے مقصد سے سنگاپور آئے ہیں۔ انہوں نے سنگاپور سے اپنے پرانے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں سنگاپور ٹاؤن شپ اسی وابستگی کا نتیجہ تھی۔
سی ایم نائیڈو نے نومبر میں وشاکھاپٹنم میں ہونے والی پارٹنرشپ سمٹ میں شرکت کی سنگاپور کے وزیر کو دعوت دی ۔اور کہا کہ ہیومن ریسورس، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، اور تجارتی شعبوں میں سنگاپور کی شراکت داری آندھرا پردیش کے لیے نہایت اہم ہے۔ چندرابابو نائیڈو نے مزید کہا کہ آندھرا پردیش کے ماہرین دنیا بھر میں نالج اکانومی میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے سنگاپور کی کمپنیوں کو گرین انرجی، گرین ہائیڈروجن، ٹرانس میشن کاریڈورز، پورٹس اور ڈیٹا سینٹرز جیسے ابھرتے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ نے آج سنگاپور کے مشہور بیداداری اسٹیٹ(Bidadari Estate)کا دورہ کیا۔جہاں انہوں نے دو گھنٹے سے زیادہ وقت پیدل گزار کر ماحولیاتی توازن، ثقافتی ورثے اور جدید شہری رہائش کے حسین امتزاج کا مشاہدہ کیا۔این چندرابابو نائیڈو نے یہ اسٹیٹ سٹی اِن اے گارڈن کے نظریے پر تعمیر کیاگیا ہے۔جس میں جدید سہولیات کے ساتھ قدرت کے حسن کو محفوظ رکھا گیا ہے۔ اس موقع پر سنگاپور کے حکام نے وزیراعلیٰ کو بیداداری ہاؤسنگ پروجیکٹ کی انفرادیت، پائیدار ڈیزائن اور کمیونٹی لائف پر مبنی ماڈل کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔
اسی دوران وزیراعلیٰ چندرابابو نائیڈو نے ہاؤسنگ ڈیولپمنٹ بورڈ ، اربن ری ڈیولپمنٹ اتھارٹی ، سنگاپور کارپوریشن انٹرپرائز اور ورلڈ بینک کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں آندھرا پردیش میں مستقبل کے شہری رہائشی منصوبوں کے لیے باہمی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایسے جدید، ماحول دوست رہائشی ماڈلز آندھرا پردیش کی شہری ترقی کے لیے ایک تحریک بن سکتے ہیں۔