روہت شرما اور ویراٹ کوہلی کی ٹیسٹ کرکٹ سے اچانک ریٹائرمنٹ کے بعد یہ قیاس آرائیاں زور پکڑ گئی ہیں کہ یہ دونوں اسٹار کھلاڑی 2027 میں ورلڈ کپ ٹیم کا حصہ ہوں گے یا نہیں۔ اب ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ نے اس پر بیان دیتے ہوئے تصویر صاف کردی ہے۔ بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا ہے کہ دونوں کھلاڑی 2027 میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے دستیاب ہیں۔
روہت-ویراٹ کے مستقبل پر بڑا بیان:
روہت شرما نے 7 مئی 2025 کو ٹیسٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ وہ ون ڈے فارمیٹ میں کھیلنا جاری رکھیں گے۔ ویراٹ کوہلی نے بھی حال ہی میں کہا تھا کہ وہ 2027 ورلڈ کپ تک کھیلنا چاہتے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی سے پہلے ہی ریٹائر ہوچکے ان دونوں کھلاڑیوں کے ون ڈے کیریئر کے بھی کافی چرچے ہو رہے ہیں۔
بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے لندن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ روہت اور ویراٹ دونوں ون ڈے کھیلنے کے لیے دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب روہت اور ویراٹ کو بھی یاد کرتے ہیں لیکن ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ان کا اپنا تھا۔
بی سی سی آئی کی یہ پالیسی ہے:
راجیو شکلا نے کہا، بی سی سی آئی کی یہ پالیسی ہے کہ ہم کبھی کسی کھلاڑی کو یہ نہیں بتاتے کہ کب کس فارمیٹ سے ریٹائر ہونا ہے۔ یہ مکمل طور پر کھلاڑی پر منحصر ہے۔ ٹیسٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ان دونوں کھلاڑیوں نے خود لیا ہے۔
روہت-وراٹ کا بین الاقوامی کیریئر:
36 سالہ ویراٹ کوہلی نے 302 ون ڈے میچوں میں 14181 رنز بنائے ہیں جس میں 51 سنچریاں اور 74 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ویراٹ کوہلی ون ڈے میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے باز ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے بھارت کے لیے 123 ٹیسٹ اور 125 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں جس میں انہوں نے بالترتیب 9230 اور 4188 رنز بنائے ہیں۔
روہت شرما نے 273 ون ڈے کھیلے ہیں جس میں ان کے نام 11168 رنز ہیں۔ اس فارمیٹ میں انہوں نے 32 سنچریاں اور 58 نصف سنچریاں بنائی ہیں۔ روہت ون ڈے میں سب سے زیادہ انفرادی اننگز (264) کھیلنے والے بلے باز بھی ہیں۔ روہت نے 67 ٹیسٹ اور 159 ٹی 20 میچوں میں بالترتیب 4301 اور 4231 رنز بنائے ہیں۔ ان کی کپتانی میں ٹیم انڈیا نے T20 ورلڈ کپ 2024 اور چیمپئنز ٹرافی 2025 کا خطاب جیتا ہے۔