• News
  • »
  • کھیل/تفریح
  • »
  • بلجیم اور اسپین فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوارٹر فائنل میں، امریکہ اور پرتگال باہر

بلجیم اور اسپین فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوارٹر فائنل میں، امریکہ اور پرتگال باہر

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Jul 07, 2026 IST

بلجیم اور اسپین فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوارٹر فائنل میں، امریکہ اور پرتگال باہر
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 16 میں بلجیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شریک میزبان امریکہ کو 4-1 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ یکطرفہ مقابلے میں بلجیم نے آغاز ہی سے کھیل پر مکمل گرفت برقرار رکھی اور امریکی ٹیم کو واپسی کا کوئی موقع نہیں دیا۔ جارحانہ انداز اور مؤثر دفاع کے باعث بلجیم نے آسان فتح حاصل کرتے ہوئے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ اب کوارٹر فائنل میں بلجیم کا مقابلہ مضبوط حریف اسپین سے ہوگا۔
 
اس سے قبل دن کے پہلے پری کوارٹر فائنل میں اسپین نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پرتگال کو 1-0 سے شکست دے کر آخری آٹھ ٹیموں میں جگہ بنائی۔ میچ کا فیصلہ کن گول انجری ٹائم میں اسپین کے مائیکل میرینو نے کیا، جس نے اپنی ٹیم کو یادگار فتح دلائی۔
 
مقابلے کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے کئی بہترین مواقع پیدا کیے، تاہم کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ اسپین نے زیادہ جارحانہ کھیل پیش کیا، لیکن پرتگال کا دفاع مضبوط رہا اور پہلا ہاف بغیر کسی گول کے اختتام پذیر ہوا۔
 
دوسرے ہاف میں بھی دونوں جانب سے تیز رفتار حملوں کا سلسلہ جاری رہا، لیکن دونوں ٹیموں کے گول کیپرز اور دفاعی کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ جب میچ اضافی وقت کی جانب بڑھتا دکھائی دے رہا تھا، اسی دوران انجری ٹائم میں مائیکل میرینو نے فیصلہ کن گول کر کے اسپین کو فتح دلائی۔
 
اس شکست کے ساتھ ہی پرتگال (Portugal) کا ورلڈ کپ سفر اختتام پذیر ہوگیا، جبکہ اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا عالمی کپ جیتنے کا خواب ایک بار پھر ادھورا رہ گیا۔ دوسری جانب اسپین نے مسلسل عمدہ کارکردگی کے ذریعے کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ مستحکم کر لی، جہاں اس کا مقابلہ اب بلجیم سے ہوگا۔