حیدرآباد: بورابنڈہ پولیس اسٹیشن حدود کے تحت بورابنڈہ کونسلر بابا فصیح الدین کی جانب سے مبینہ طور پر ہراساں کیے جانے کی وجہ سےایس آر ٹی کالونی، بورابنڈہ کے رہنے والے 35 سالہ محمد سردار نے اپنے گھر کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔ بورابنڈہ پولیس انسپکٹر ایم سریندر نے بتایا کہ محمد سردار نےجمعرات کی رات اپنے گھر کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی۔ اس واقعہ میں شدید زخمی سردار کو پہلے موتی نگر کے نیلیما اسپتال لے جایا گیا اور اس کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے اسے رینیو اسپتال ریفر کردیا گیا۔جہاں ڈاکٹروں نے اس کا معائنہ کیا اور اسے مردہ قرار دے دیا۔
بابا فصیح الدین کی دھمکی
مرحوم سردار کے بھائی محمد ابراہیم نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ محمدسردارمیڈیکل شاپ چلاتے تھے۔ اور کچھ دنوں سے اپنے پرانے گھر کی تزئین و آرائش کررہے تھے۔ کانگریس لیڈراور مقامی کارپوریٹر بابا فصیح الدین نے محمد سردارکو گھر کی مرمت تزئین کے کام کے بارے میں دریافت کیا اور سردار سے رقم طلب کی۔ اور دھمکی دی۔ سردار نے پیسے دینے سے صاف انکار کر دیا۔
سردار کی خودکشی
حال ہی میں فصیح الدین اور اس کی اہلیہ حبیبہ سلطانہ اپنے کچھ ساتھیوں کے ساتھ سردار کے گھر آئے اور ہنگامہ آرائی کی اور اسے دھمکیاں دیں۔ اس کے بعد فصی الدین نے جی ایچ ایم سی ٹاؤن پلاننگ ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کی مدد سے سردار کے مکان کی تیسری منزل کو منہدم کردیا۔ اس کے بعد فصیح الدین نے سردار کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ یہ تو صرف شروعات ہے اور اس کے ہاتھ میں پوری جی ایچ ایم سی ہے، جس کے ذریعے وہ اس کے پورے گھر کو گرا دے گا۔اس دھمکی سے گھبرا کر محمد سردار نے اپنے گھر کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔
مقدمہ درج
موصولہ شکایت کی بنیاد پر، پولیس نے بابا فصیح الدین،ان کی اہلیہ حبیبہ سلطانہ اور دیگر کے خلاف بی این ایس کی دفعہ 108 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ اس واقعہ پر علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی بی آر ایس اور بی جے پی لیڈروں نے دھرنا دیا اور فصیح الدین کے خلاف نعرے لگائے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور نعرے بازی اور ہنگامہ آرائی کرنے والے لوگوں کو سمجھایا۔
علاقہ میں غم کا ماحول
محمد سرداربورہ بنڈہ ڈیویزن کے بی آرایس اقلیتی لیڈر تھے ۔سردار کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ ثمینہ ،تین سالہ بیٹا فرقان اور ڈیڑھ سالہ بیٹی شفا ہے۔ اس گھر میں اس کے والدین اور چھوٹے بھائی بھی رہتے تھے۔ سردار اپنے چھوٹے بھائی محمد ابراہیم کی آئندہ نومبرمیں ہونے والی شادی کے انتظامات کررہے تھے۔ سردار نے یہ سوچ کر کہ یہ گھر اپنے چھوٹے بھائی کے لیے کافی نہیں ہو گا، ایک اور دو منزلہ مکان بنانے کا بیڑا اٹھایا تھا۔ سردار کے خودکشی پر اہل خانہ اور مقامی لوگ رو پڑے، بیوی اور بچوں کو یتیم چھوڑ کر ایک ایسی دنیا میں چلا گیا جہاں سے وہ کبھی واپس نہیں آئے گا ۔
جوبلی ہلز کے ایم ایل اے اور بی آرایس حیدرآباد کے ضلع صدر ایم گوپی ناتھ نے کہا کہ انہیں اس بات سے بہت دکھ پہنچا ہے کہ کانگریس کارپوریٹر بابافصیح الدین کی غنڈا گردی کا شکار ہوئے۔ سابق ایم ایل اے اور بی آر ایس لیڈر وشنو وردھن ریڈی نے کہا کہ سردار کی اچانک موت سے انہیں بہت دکھ ہوا ہے۔ محمد سردار کی نماز جنازہ میں کئی لوگ شریک ہوئے۔