جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے نوجوان فاسٹ باؤلر عاقب نبی کو بھارتی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیے جانے پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے جموں و کشمیر اور پورے خطے کے لیے باعث فخر قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عاقب نبی کی یہ کامیابی جموں و کشمیر کے نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک نئی امید اور تحریک کا ذریعہ بنے گی۔
عمر عبداللہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ عاقب نبی نے اپنی محنت، لگن اور مسلسل عمدہ کارکردگی کے ذریعے یہ مقام حاصل کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ قومی ٹیم میں بھی بہترین کھیل پیش کر کے ملک اور جموں و کشمیر کا نام روشن کریں گے۔ دریں اثنا، بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے اعلان کیا ہے کہ ٹیم انڈیا کے اسٹار تیز گیند باز جسپریت بمراہ چوٹ کے باعث سری لنکا کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ ان کی جگہ جموں و کشمیر کے فاسٹ باؤلر عاقب نبی کو بھارتی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
بی سی سی آئی کی جانب سے پیر کو جاری بیان میں کہا گیا کہ بمراہ کی عدم دستیابی کے بعد سلیکشن کمیٹی نے عاقب نبی کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کرکٹ ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ انتخاب عاقب نبی کی مسلسل شاندار کارکردگی کا اعتراف ہے اور انہیں بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتیں ثابت کرنے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔عاقب نبی کا بھارتی ٹیسٹ ٹیم میں انتخاب نہ صرف ان کے ذاتی کیریئر کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے بلکہ جموں و کشمیر میں کرکٹ کے فروغ کے لیے بھی ایک اہم سنگ میل تصور کیا جا رہا ہے۔
عاقب نبی نے 2018 میں رنجی ٹرافی سے کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا
عاقب نبی نے نومبر 2018 میں رنجی ٹرافی کے ذریعے جموں و کشمیر کی جانب سے اپنے فرسٹ کلاس کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا۔ فرسٹ کلاس کرکٹ کے علاوہ عاقب نبی نے سید مشتاق علی ٹرافی (ٹی20) اور وجے ہزارے ٹرافی (لسٹ اے) میں بھی جموں و کشمیر کی نمائندگی کی ہے۔ باؤلنگ کے ساتھ ساتھ وہ نچلے نمبروں پر تیز رفتاری سے رنز بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس کے باعث انہیں ایک قابل اعتماد آل راؤنڈر تصور کیا جاتا ہے۔ ڈومیسٹک سیزن کے دوران عاقب نبی نے کئی مرتبہ ایک ہی اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ ان کی میچ وننگ باؤلنگ نے متعدد مواقع پر جموں و کشمیر کو اہم کامیابیاں دلائیں، جس کے بعد وہ قومی کرکٹ حلقوں میں نمایاں نام بن گئے۔عاقب نبی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی مختلف فرنچائزز کے ٹرائلز اور نیٹ باؤلر کے طور پر بھی اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔