آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے سالانہ بزنس سمٹ 2025 کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریاست کی معاشی ترقی کا نیا ویژن پیش کیا۔ انہوں نے "سورن آندھرا ویژن 2047" کے تحت ریاست کو 2.4 ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کا ہدف مقرر کرتے ہوئے صنعتی، تکنیکی اور سماجی شراکت داری کی دعوت دی۔
10 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ
چندرابابونائیڈو نے کہا کہ ریاست میں آئندہ چار برسوں میں 10 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے 160 گیگاواٹ قابلِ تجدید توانائی پیدا کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس حوالے سے وشاکھاپٹنم میں این ٹی پی سی اور این آر ای ڈی سی اے پی کا مشترکہ گرین ہائیڈروجن منصوبہ بھی شروع کیا جا رہا ہے، جس میں 1.85 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔
رائلسیما میں جدید ہائی ٹیک انڈسٹریل کوریڈور
وزیراعلیٰ نے رائلسیما میں جدید ہائی ٹیک انڈسٹریل کوریڈور کے قیام کا اعلان کیا، جو ڈرون، سیٹلائٹ، دفاعی ساز و سامان اور آٹوموبائل انڈسٹری کا مرکز ہوگا۔ اس منصوبے میں ایک سال کے اندر 5 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری اور 4.5 لاکھ روزگار پیدا ہونے کی توقع ہے۔
امراؤتی میں بھارت کا پہلا کوانٹم کمپیوٹنگ سینٹر
انہوں نے امراؤتی میں بھارت کا پہلا کوانٹم کمپیوٹنگ سینٹر اور عالمی لیڈرشپ سینٹر قائم کرنے کا بھی اعلان کیا، جو کاروباری اور سیاسی رہنماؤں کی تربیت کا مرکز ہوگا۔
آندھراپردیش میں پی4 ماڈل
چندرابابو نائیڈو نے کہا کہ ریاست میں سرمایہ کاری کے خواہشمند صنعتی اداروں کو زمین اور اجازت نامے ریکارڈ وقت میں فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے صنعتکاروں اور کاروباری اداروں سے 'پی4 ماڈل' یعنی عوام، حکومت اور نجی اداروں کے باہمی اشتراک سے ترقی کا ماڈل اپنانے کی اپیل کی۔