Thursday, March 19, 2026 | 29 رمضان 1447
  • News
  • »
  • صحت
  • »
  • کولوریکٹل کینسر(بڑی آنت اور ریکٹم کا کینسر): خاموش بیماری، بروقت تشخیص ہی بچاؤ کا راستہ

کولوریکٹل کینسر(بڑی آنت اور ریکٹم کا کینسر): خاموش بیماری، بروقت تشخیص ہی بچاؤ کا راستہ

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Mar 18, 2026 IST

کولوریکٹل کینسر(بڑی آنت اور ریکٹم کا کینسر): خاموش بیماری، بروقت تشخیص ہی بچاؤ کا راستہ
 
موجودہ دورمیں بدلتی ہوئی لائف اسٹائل اورغیرمتوازن غذا نے کئی سنگین بیماریوں کو جنم دیا ہے، جن میں کولوریکٹل کینسر (بڑی آنت اور ریکٹم کا کینسر) تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ کینسر آہستہ آہستہ شروع ہوتا ہے اور ابتدائی مرحلے میں اس کی علامات واضح نہیں ہوتیں، جس کی وجہ سے اکثر مریض دیر سے ڈاکٹر کے پاس پہنچتے ہیں۔
 منصف ٹی وی کے خاص پروگرام  ہیلتھ اور ہم میں ماہر آنکولوجسٹ Dr. G. Avinash Reddy نے شرکت کی۔ اوراس موضوع  پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر جے اویناش ریڈی کے مطابق کولوریکٹل کینسر پہلے عموماً 60 سال سے زائد عمر کے افراد میں پایا جاتا تھا، لیکن اب حیران کن طور پر نوجوان بھی اس کا شکار ہو رہے ہیں۔ اس کی بڑی وجہ فاسٹ فوڈ، پراسیسڈ غذا، کم فائبر والی ڈائٹ، موٹاپا، سست طرزِ زندگی، سگریٹ نوشی اور الکحل کا بڑھتا استعمال ہے۔

اہم علامات کیا ہیں؟

کولوریکٹل کینسر کی ابتدائی علامات عام بیماریوں جیسی ہو سکتی ہیں، جیسے پیٹ میں درد، گیس، قبض یا اسہال۔ تاہم کچھ علامات کو ہرگز نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، جیسے:
  •  پاخانے میں خون آنا
  •  بغیر وجہ وزن میں کمی
  •  مسلسل کمزوری اور تھکن
  •  آنتوں کی عادات میں تبدیلی
اکثر لوگ ان علامات کو بواسیر سمجھ کر نظر انداز کر دیتے ہیں، جو کہ خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

تشخیص اور اسکریننگ

ماہرین کے مطابق 45 سال کی عمر کے بعد ہر فرد کو کولونوسکوپی کروانی چاہیے، جو اس بیماری کی تشخیص کا سب سے مؤثر طریقہ ہے۔ اگر خاندان میں کسی کو یہ بیماری رہی ہو تو اسکریننگ پہلے کرانی چاہیے۔ بایوپسی کے ذریعے کینسر کی حتمی تصدیق کی جاتی ہے۔

بچاؤ کیسے ممکن ہے؟

کولوریکٹل کینسر سے بچاؤ کے لیے صحت مند طرزِ زندگی اپنانا بے حد ضروری ہے:
  •  متوازن غذا (فائبر، وٹامنز اور منرلز سے بھرپور)
  •  پراسیسڈ فوڈ اور سرخ گوشت کا کم استعمال
  •  باقاعدہ ورزش
  •  سگریٹ اور الکحل سے پرہیز
  •  وٹامن ڈی کی مناسب مقدار

علاج اور جدید ٹیکنالوجی

آج کے دور میں کولوریکٹل کینسر کا علاج ممکن ہے، خاص طور پر اگر بیماری ابتدائی مرحلے میں تشخیص ہو جائے۔ جدید علاج میں سرجری، کیموتھراپی، ریڈیوتھراپی اور امیونوتھراپی شامل ہیں۔ روبوٹک سرجری جیسی جدید ٹیکنالوجی نے علاج کو مزید محفوظ اور مؤثر بنا دیا ہے۔

اہم پیغام

ماہرین کا کہنا ہے کہ "ڈریں نہیں، بلکہ بیماری کا مقابلہ کریں"۔ بروقت تشخیص اور علاج سے نہ صرف زندگی بچائی جا سکتی ہے بلکہ مریض مکمل صحت یاب بھی ہو سکتا ہے۔ یاد رکھیں، شرمندگی یا خوف کی وجہ سے ٹیسٹ میں تاخیر کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔اپنی اور اپنے اہلِ خانہ کی صحت کو ترجیح دیں، کیونکہ بروقت اٹھایا گیا ایک قدم زندگی بچا سکتا ہے۔ ڈاکٹر کی مکمل بات چیت کا ویڈیو آپ یہاں دیکھ سکتے ہیں۔