Monday, May 19, 2025 | 21, 1446 ذو القعدة
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • کرنل صوفیہ سے متعلق متنازعہ تبصرہ معاملہ:وزیر وجے شاہ کی گرفتاری پر روک، ایس آئی ٹی بنانے کا حکم

کرنل صوفیہ سے متعلق متنازعہ تبصرہ معاملہ:وزیر وجے شاہ کی گرفتاری پر روک، ایس آئی ٹی بنانے کا حکم

Reported By: Munsif TV | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: May 19, 2025 IST     

image
سپریم کورٹ نے کرنل صوفیہ قریشی پر تبصرے کے معاملے میں مدھیہ پردیش کے وزیر کنور وجے شاہ کو پھٹکار لگائی۔ عدالت نے اسے معاف کرنے سے انکار کر دیا۔ عدالت نے کہا کہ ایسا رجحان بڑھ رہا ہے کہ قانونی عمل سے بچنے کے لیے پہلے تبصرہ کریں اور پھر معافی مانگیں۔عدالت نے وزیر کی معافی قبول نہیں کی۔ عدالت نے کہا کہ ایس آئی ٹی پورے معاملے کی جانچ کرے گی۔ اس کے لیے تین رکنی ایس آئی ٹی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ ایس آئی ٹی کے ممبران آئی پی ایس افسران ہوں گے۔ انہیں 28 مئی تک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ان میں ایک خاتون رکن بھی ہوگی۔
 

وجے شاہ نے معافی کے لیے دائر کی  تھی عرضی  :

وجے شاہ نے معافی کے لیے عدالت میں عرضی  دائر کی تھی۔ سپریم کورٹ نے کہا، 'آپ عوامی زندگی گزار رہے ہیں۔  ایک تجربہ کار سیاست دان ہیں۔ جب آپ بولتے ہیں تو آپ کو اپنے الفاظ کے بارے میں سوچنا چاہئے۔ ہمیں آپ کی ویڈیو کو نمایاں کرنا چاہیے۔ یہ مسلح افواج کے لیے ایک اہم مسئلہ ہے۔ ہمیں بہت ذمہ دار ہونے کی ضرورت ہے۔تاہم سپریم کورٹ نے ایس آئی ٹی کو جانچ کے نتائج پر اسٹیٹس رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی اور کیس کی سماعت 28 مئی کے لیے مقرر کی۔سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ مدھیہ پردیش کے وزیر وجے شاہ کی گرفتاری روک دی جائے اور انہیں ایس آئی ٹی کے ساتھ مکمل تعاون کرنا ہوگا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے ویڈیو کو قبضے میں لے لیا ہے، حالانکہ ابھی تک اس ویڈیو کو  تفتیش کے لیے نہیں بھیجا گیا ہے۔
 

متنازعہ  بیان کے بعد معاملہ میں اب تک کیا ہوا؟

یاد رہے کہ وزیر وجے شاہ نے کرنل صوفیہ قریشی پر متنازع تبصرہ کیا تھا۔ ان کے اس بیان کے بعد انہیں کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ ہائی کورٹ نے اس معاملے کا ازخود نوٹس لیا تھا۔ عدالت نے ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ۔ وجے شاہ نے اس کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی دائر کی ۔ اس معاملے پر آج عدالت میں سماعت ہوئی۔وجے شاہ نے کہا تھا کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے ذمہ داروں کو سبق سکھانے کے لیے ان کی اپنی بہن کو آگے لایا گیا ہے۔ ان کے اس بیان کے بعد تنازعہ بڑھ گیا۔ بعد میں وجے شاہ نے کہا کہ ان کا وہ مطلب نہیں تھا جس کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ اس نے معافی بھی مانگی۔ وہ مدھیہ پردیش بی جے پی کے اہم رہنما ہیں۔ اس سے قبل بھی وہ کئی متنازعہ بیانات دے چکے ہیں۔