Saturday, March 28, 2026 | 08 شوال 1447
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • مغربی بنگال :بشیرہاٹ اسمبلی حلقہ سے ایک ہی بوتھ سے بی ایل او سمیت 340 مسلم ووٹرز کے نام ڈیلیٹ

مغربی بنگال :بشیرہاٹ اسمبلی حلقہ سے ایک ہی بوتھ سے بی ایل او سمیت 340 مسلم ووٹرز کے نام ڈیلیٹ

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Alam | Last Updated: Mar 27, 2026 IST

مغربی بنگال :بشیرہاٹ اسمبلی حلقہ سے ایک ہی بوتھ سے بی ایل او  سمیت 340 مسلم ووٹرز کے نام ڈیلیٹ
مغربی بنگال کے بشیرہاٹ اسمبلی حلقے میں ووٹر لسٹ کو لے کر ایک بڑا تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ سپلیمنٹری لسٹ (Supplementary List) میں ایک ہی بوتھ کے 340 ووٹرز کے نام حذف کر دیے گئے ہیں، جس سے علاقے میں شدید غم و غصہ اور احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔ سب سے حیران کن بات یہ ہے کہ حذف کیے گئے تمام 340 نام ایک ہی کمیونٹی (مسلم) سے تعلق رکھتے ہیں۔
 
بشیرہاٹ نارتھ اسمبلی کے بوتھ نمبر 5 پر ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں 340 نام "فیصلہ زیر التواء" (Decision Pending) میں تھے، لیکن سپلیمنٹری لسٹ جاری ہونے کے بعد ان تمام ناموں کو "ڈیلیٹڈ" کیٹیگری میں ڈال دیا گیا۔ سب سے زیادہ چونکا دینے والی بات یہ ہے کہ اسی بوتھ نمبر 5 کے BLO کا نام بھی ڈیلیٹڈ لسٹ میں شامل ہے۔
 
بوتھ نمبر 5 کے BLO محمد شفیع العالم نے انتظامیہ پر سنگین الزامات لگائے ہیں۔ شفیع العالم کے مطابق، سپلیمنٹری لسٹ میں نہ صرف علاقائیوں کے نام، بلکہ خود ان کا (BLO) نام بھی حذف کر دیا گیا ہے۔ اس بوتھ کے BLO شفیع العالم نے الزام لگایا کہ انہوں نے تمام لوگوں کے فارم خود بھروائے تھے اور الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق تمام دستاویزات اپ لوڈ کی تھیں۔ سماعت کے لیے 354 لوگوں کو بلایا گیا تھا، لیکن الزام ہے کہ منتخب طریقے سے خاص کمیونٹی کے لوگوں کے نام حذف کیے گئے۔
 
رپورٹس  کے مطابق: بورو گوبرا گاؤں کے بوتھ نمبر 5 میں کل 992 ووٹر تھے۔  ان میں سے 38 نام اموات یا جگہ تبدیل ہونے کی وجہ سے حذف کیے گئے۔ باقی 954 ووٹرز میں سے 358 کو سماعت کے لیے بلایا گیا۔ ڈرافٹ لسٹ میں صرف 18 نام ہی کلیئر ہوئے، جبکہ 340 نام "فیصلہ زیر التواء" میں رکھے گئے تھے۔ لیکن 23 تاریخ کو جاری سپلیمنٹری لسٹ میں ان تمام 340 ناموں کو حذف کر دیا گیا۔
 
جب وہ اس شکایت کے ساتھ بشیرہاٹ بلاک-II کے BDO کے پاس پہنچے تو انہیں بتایا گیا کہ اب ان کے سطح پر کچھ نہیں کیا جا سکتا۔ ERO (Electoral Registration Officer) کی طرف سے بھی کوئی تسلی بخش وضاحت نہیں ملی۔ BLO نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق تمام دستاویزات اپ لوڈ کی تھیں اور ذاتی طور پر لوگوں کی مدد کی تھی، پھر بھی ناموں کو منتخب طریقے سے حذف کیا گیا۔
 
متاثرہ ووٹر کاجیرول منڈل نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن نے 11 میں سے کسی بھی ایک دستاویز کو کافی قرار دیا تھا، جبکہ انہوں نے 3 سے 4 دستاویزات جمع کی تھیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایک خاص سیاسی پارٹی کو خوش کرنے کے لیے ان کے نام حذف کیے گئے ہیں۔یہ واقعہ مغربی بنگال میں ووٹر لسٹ کی تیاری اور اس کی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھا رہا ہے۔
 
دوسری سپلیمنٹری ووٹر لسٹ جلد جاری ہونے کا امکان :
 
 
مغربی بنگال میں دوسری سپلیمنٹری ووٹر لسٹ 27 یا 28 مارچ تک جاری ہونے کا امکان ہے۔الیکشن کمیشن کے ایک سینئر عہدیدار نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔چیف الیکشن افسر کے دفتر کے مطابق، پچھلی فہرست میں موجود تقریباً 36 لاکھ ناموں کو نمٹایا جا چکا ہے۔دوسری سپلیمنٹری لسٹ مختلف پولنگ بوتھز سے موصول ناموں کی تصدیق کے بعد شائع کی گئی ہے ۔سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق، جن ووٹرز کے نام فہرست سے خارج کیے گئے، انہیں اپیل کا حق حاصل ہے، لیکن عدالتوں کی کاروائی میں تاخیر کے سبب متأثر ووٹرز شفافیت کے منتظر ہیں۔ریاستی الیکشن کمیشن نے بتایا کہ مجموعی طور پر 58 لاکھ نام سروے کے بعد ہٹائے گئے۔جس سے ریاست کے اہل ووٹرز کی تعداد تقریباً 7.08 کروڑ رہ گئی ہے۔