منصف ٹی وی کے مقبول اور معلوماتی پروگرام "ہیلتھ اور ہم" میں آج بچوں کے قد میں اضافے (How To Increase Height in Children) جیسے اہم موضوع پر خصوصی گفتگو پیش کی گئی۔ اس موقع پر معروف ماہرِ ڈاکٹر محمد خضر دائمی نے بچوں کی جسمانی نشوونما، قد میں اضافے کے عوامل اور والدین کی ذمہ داریوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
ڈاکٹر خضر دائمی نے کہا کہ بچوں کے قد کا انحصار صرف موروثی عوامل پر نہیں ہوتا بلکہ متوازن غذا، مناسب نیند، جسمانی سرگرمی اور صحت مند طرزِ زندگی بھی اس میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بچپن اور نوعمری کے دوران جسم میں گروتھ ہارمونز زیادہ فعال ہوتے ہیں، اس لیے اس عمر میں غذائی کمی یا غیر صحت بخش عادات بچوں کی نشوونما کو متاثر کر سکتی ہیں۔
انہوں نے والدین کو مشورہ دیا کہ بچوں کی روزمرہ خوراک میں دودھ، انڈے، مچھلی، دالیں، سبز پتوں والی سبزیاں، تازہ پھل اور پروٹین سے بھرپور غذائیں شامل کی جائیں۔ ان کے مطابق کیلشیم، وٹامن ڈی، زنک اور پروٹین ہڈیوں کی مضبوطی اور قد میں اضافے کے لیے نہایت ضروری ہیں۔
پروگرام کے دوران ڈاکٹر دائمی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بچوں کو روزانہ کم از کم ایک گھنٹہ جسمانی سرگرمی، کھیل کود یا ورزش میں حصہ لینا چاہیے۔ دوڑنا، تیراکی، سائیکل چلانا اور رسّی کودنا جیسی سرگرمیاں جسمانی نشوونما میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نیند بھی قد بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے کیونکہ گروتھ ہارمونز زیادہ تر گہری نیند کے دوران خارج ہوتے ہیں۔ اسی لیے اسکول جانے والے بچوں کو روزانہ 8 سے 10 گھنٹے کی معیاری نیند ضرور لینی چاہیے۔ماہرِ صحت نے خبردار کیا کہ بازار میں دستیاب غیر سائنسی ادویات، سپلیمنٹس یا قد بڑھانے کے دعوے کرنے والی مصنوعات سے احتیاط برتنی چاہیے اور کسی بھی علاج یا دوا کے استعمال سے قبل مستند ڈاکٹر سے مشورہ کرنا ضروری ہے۔
پروگرام کے اختتام پر ڈاکٹر محمد خضر دائمی نے کہا کہ اگر بچے کی نشوونما عمر کے مطابق نہیں ہو رہی یا قد میں غیر معمولی کمی محسوس ہو تو فوری طور پر ماہرِ اطفال یا اینڈوکرائنولوجسٹ سے رجوع کیا جانا چاہیے تاکہ بروقت تشخیص اور علاج ممکن ہو سکے۔
قارئین آپ ڈاکٹرخضر دائمی کی مکمل بات چیت اس ویڈیو میں دیکھ سکتےہیں۔