Sunday, May 03, 2026 | 15 ذو القعدة 1447
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • دہلی کے وویک وہار علاقے میں آتشزدگی کا واقعہ ، 9 افراد کی موت

دہلی کے وویک وہار علاقے میں آتشزدگی کا واقعہ ، 9 افراد کی موت

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: May 03, 2026 IST

دہلی کے وویک وہار علاقے میں آتشزدگی کا واقعہ ، 9 افراد کی موت
دہلی کے وویک وہار علاقے میں ایک رہائشی عمارت میں ہولناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں 9 افراد کی جانیں چلی گئی ہیں، جبکہ کئی افراد جھلس گئے  ہیں۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور امدادی کاروائیاں شروع کیں۔ فی الحال آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔
 
 صبح 3:47 بجے لگی آگ:
 
فائر بریگیڈ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ فائر کنٹرول روم کو صبح تقریباً 3:47 بجے آگ لگنے کی اطلاع ملی تھی۔ جس کے فوراً بعد 14 فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کی مہم شروع کی۔ کم از کم 15 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے، جبکہ 4 افراد بری طرح جھلس گئے ہیں جنہیں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ فی الحال 'کولنگ' کا عمل جاری ہے۔
 
 پولیس کا بیان: 2 گھنٹے میں آگ پر قابو پایا گیا
 
شاہدرہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس (DCP) راجندر پرساد مینا نے بتایا، "صبح سویرے تقریباً 4 بجے آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ فائر بریگیڈ اور مقامی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ آگ پر قابو پانے میں تقریباً 2 گھنٹے لگے، جس کے بعد تلاشی مہم چلائی گئی۔" پولیس کے مطابق تمام لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں اور انہیں دہلی پولیس کی کرائم ٹیم کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں کا علاج گرو تیگ بہادر اسپتال میں جاری ہے۔
 
 AC میں دھماکے کا خدشہ
 
ایک مقامی رہائشی روہت نے بتایا کہ صبح تقریباً 3:13 بجے اے سی (AC) میں دھماکے کی وجہ سے گھر میں آگ لگی۔ رپورٹس کے مطابق آگ سب سے پہلے دوسری منزل کے ایک فلیٹ میں لگی اور آہستہ آہستہ اوپر کی تمام منزلوں تک پھیل گئی۔ دوسری منزل پر 4 افراد موجود تھے جن کی موت ہو گئی۔ وہیں تیسری منزل پر موجود لوگ جان بچانے کے لیے چھت کی طرف بھاگے، لیکن چھت کا دروازہ بند ہونے کی وجہ سے وہ پھنس گئے۔
 
 20 افراد کو محفوظ بچا لیا گیا
 
ایک اور رہائشی چرنجیت سنگھ نے بتایا کہ خدشہ ہے کہ کم از کم ایک یا دو خاندان اب بھی اندر پھنسے ہوئے ہو سکتے ہیں، جبکہ تقریباً 20 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ انہوں نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی (ANI) کو بتایا، فائر بریگیڈ کی 10 سے زائد گاڑیاں موقع پر پہنچیں۔ عملے نے بالکونی کے ذریعے تقریباً 20 لوگوں کو بچایا۔ پیچھے والے فلیٹ سے کچھ لوگ باہر نکلنے میں کامیاب رہے۔ مجھے ڈر ہے کہ 1 یا 2 خاندان ابھی بھی اندر ہی محصور ہیں۔