Saturday, August 29, 2026 | 14 ربيع الأول 1448
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • تلک نگر قتل کیس میں ملزم عاقب گرفتار

تلک نگر قتل کیس میں ملزم عاقب گرفتار

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Afreen Begum | Last Updated: Aug 28, 2026 IST

تلک نگر قتل کیس میں ملزم عاقب گرفتار
دہلی پولیس نے ماڈل مسکان کے قتل کے ملزم جم ٹرینرعاقب عمران کو راجوری گارڈن میں پولیس سے جھڑپ کے بعد گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق، جھڑپ کے دوران ملزم کی پیرمیں گولی لگی، جس کے بعد اسے علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق، اسے راجوری گارڈن میں ملزم کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملی تھی۔ اطلاع ملنے کے بعد پولیس ٹیم نے علاقے میں کاروائی کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جس کے جواب میں پولیس نے بھی فائرنگ کی۔ اس دوران ملزم کی پیرمیں گولی لگی اور اسے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
ابتدائی تفتیش میں پولیس کو معلوم ہوا ہے کہ ملزم منشیات کا عادی ہے۔ اس کے خلاف پہلے سے قتل کی کوشش کا مقدمہ بھی درج ہے۔
 

مسکان کو گھر میں چاقو مار کر قتل کیا گیا تھا

21 سالہ مسکان کو بدھ، 26 اگست کو دہلی کے تلک نگر علاقے میں اس کے گھر میں مبینہ طور پر چاقو مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ پولیس کی ابتدائی معلومات کے مطابق، مسکان کی ملاقات ملزم سے اس وقت ہوئی تھی جب وہ جم جاتی تھی۔ اس کے بعد ملزم مبینہ طور پر مسلسل مسکان سے دوستی کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ پولیس اب ملزم سے تفتیش کرکے قتل کی اصل وجہ اور واقعے سے متعلق دیگر تفصیلات معلوم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
 

مغربی وہار میں ایک شخص کو گولی ماری گئی

دہلی میں اسی دوران ایک اور واقعہ بھی سامنے آیا۔ پولیس کے مطابق، بدھ کے روز دہلی کے وہار علاقے میں ایک شخص کو نامعلوم افراد نے گولی ماردی۔ زخمی شخص کی شناخت نہال کے طو پر ہوئی ہے۔ اسے علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق، ابتدائی تفتیش میں واقعے کا تعلق محبت کے معاملے سے ہونے کا شبہ ہے۔ پولیس شواہد کی جانچ کر رہی ہے اور ملزمان کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کرنے کی کوشش جاری ہے۔
 

پہاڑ گنج میں 19 سالہ نوجوان کا قتل

دہلی کے پہاڑ گنج علاقے میں بھی 19 سالہ ای رکشہ ڈرائیور کو مبینہ طور پر اس کے ماموں نے چاقو مار کر قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق، یہ واقعہ 25 اگست کی شام تقریباً 7:15 بجے آرام باغ کی جھگی میں پیش آیا۔ مقتول کے نام کا پولیس نے انکشاف نہیں کیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم کی شناخت 39 سالہ روی کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ نبی کریم کے ملتانی ڈنڈا علاقے کا رہنے والا ہے اور ای رکشہ چلانے کے ساتھ مزدوری بھی کرتا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق، مقتول اور ملزم کے خاندان پہلے آرام باغ میں ایک ساتھ رہتے تھے، لیکن جھگی سے متعلق تنازع کے بعد ملزم کا خاندان وہاں سے چلا گیا تھا۔
 
پولیس کے مطابق، اسی تنازع کے دوران نوجوان پر حملہ کیا گیا۔ پولیس نے ملزم کو واقعے کے تقریباً دو گھنٹے بعد گرفتار کر لیا۔ حملے میں استعمال ہونے والی قینچی اور تلوار بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔ ملزم کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعہ 103(1) کے تحت قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق، روی کے خلاف پہلے بھی تین مجرمانہ معاملات درج رہے ہیں۔