Wednesday, July 15, 2026 | 28 محرم 1448
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • کرنول میں مشتبہ ہٹ اینڈ رن، پولیس اہلکار ہلاک

کرنول میں مشتبہ ہٹ اینڈ رن، پولیس اہلکار ہلاک

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Afreen Begum | Last Updated: Jul 14, 2026 IST

کرنول میں مشتبہ ہٹ اینڈ رن، پولیس اہلکار ہلاک
 
آندھرا پردیش کے کرنول شہر میں منگل کی صبح ایک سڑک حادثے میں پولیس ہیڈ کانسٹیبل واراپرسادریڈی کی موت ہو گئی۔ پولیس کے مطابق یہ ایک مشتبہ ہٹ اینڈ رن (حادثہ کر کے فرار ہونے) کا معاملہ ہے۔
 

جاگنگ کے دوران پیش آیا حادثہ

پولیس کے مطابق ورا پرساد ریڈی صبح سویرے قومی شاہرا(Highway) پر فلائی اوور پر جاگنگ کر رہے تھے، اسی دوران ایک نامعلوم گاڑی نے انہیں ٹکر مار دی۔ٹکر لگنے کے بعد وہ فلائی اوور سے نیچے سڑک پر گر گئے اور موقع پر ہی ان کی موت ہو گئی۔
 
واراپرسادریڈی آندھرا پردیش اسپیشل پولیس (APSP) کی دوسری بٹالین میں ہیڈ کانسٹیبل کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ بیلاری چوراستہ(Bellari Chowrasta) کے قریب پیش آیا۔ بعد میں پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری اسپتال منتقل کر دیا۔
 

وزیر داخلہ نے افسوس کا اظہار کیا

آندھرا پردیش کی وزیر داخلہ انیتا نے اس حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک فرض شناس پولیس اہلکار کی اس طرح موت انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور یقین دلایا کہ حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ حادثے کی مکمل جانچ کی جائے اور ذمہ دار افراد کے خلاف مناسب کاروائی کی جائے۔
 

تین دن میں دوسرا پولیس اہلکار سڑک حادثے کا شکار

واراپرسادریڈی ریاست میں صرف تین دن کے اندر سڑک حادثے میں جان گنوانے والے دوسرے پولیس اہلکار ہیں۔ اس سے پہلے 12 جولائی کو پرکاشم ضلع کے اونگول(Ongole) شہر میں ایک سڑک حادثے میں آرمڈ ریزرو کانسٹیبل(Armed Reserve constable )ماریہ داس بھی  ہلاک ہو گئے تھے۔
 
پولیس کے مطابق بائی پاس روڈ پر ایک کار ڈرائیور نے گاڑی سے کنٹرول کھو دیا اور سائیکل پر جا رہے کانسٹیبل ماریہ داس کو ٹکر مار دی۔ شدید ٹکر کے باعث وہ سروس روڈ پر گر گئے اور موقع پر ہی ان کی موت ہو گئی۔بعد میں بے قابو کار ایک کچرا لے جانے والے آٹو رکشہ اور ایک دو پہیہ گاڑی سے بھی ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں تین دیگر افراد معمولی زخمی ہوئے۔