آج آئی پی ایل 2026 کے پہلے کوالیفائر میں رائل چیلنجرز بنگلورو اور گجرات ٹائٹنز کے درمیان دھرم شالہ میں بڑا مقابلہ کھیلا جانا ہے۔ دونوں ٹیمیں لیگ مرحلے میں شاندار کارکردگی کے بعد ٹاپ دو پوزیشنز پر رہیں، اس لیے اس میچ کے فاتح کو سیدھا فائنل کا ٹکٹ ملے گا۔
اگر بارش یا خراب موسم میچ میں رکاوٹ بنتا ہے تو آئی پی ایل کے پلے آف قوانین کے مطابق کوالیفائر 1 کے لیے کوئی ریزرو ڈے نہیں رکھا گیا۔ ریزرو ڈے صرف فائنل کے لیے مختص ہوتا ہے۔ تاہم میچ مکمل کرانے کے لیے اضافی 120 منٹ کا وقت رکھا جاتا ہے تاکہ کم از کم نتیجہ حاصل کرنے کے لیے مختصر مقابلہ کروایا جا سکے۔
اگر اضافی وقت کے باوجود دونوں ٹیمیں کم از کم پانچ اوور فی اننگز کا میچ بھی مکمل نہ کر سکیں اور مقابلہ منسوخ ہو جائے، تو فاتح کا فیصلہ لیگ مرحلے کی پوائنٹس ٹیبل پوزیشن کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ ایسی صورت میں ٹیبل میں اوپر موجود ٹیم براہِ راست فائنل میں پہنچ جاتی ہے جبکہ دوسری ٹیم کو کوالیفائر 2 میں ایک اور موقع ملتا ہے۔
چونکہ لیگ مرحلے کے اختتام پر رائل چیلنجرز بنگلور سرفہرست رہی، اس لیے اگر آج بارش کی وجہ سے میچ شروع نہ ہو سکا یا نتیجہ نہ نکل سکا تو RCB کو براہِ راست فائنل کا ٹکٹ مل جائے گا۔ دھرم شالہ کے موسم کے حوالے سے رپورٹس میں بارش کے کچھ امکانات ضرور بتائے گئے ہیں، لیکن شام بڑھنے کے ساتھ بارش کے امکانات کم ہونے کی توقع بھی ظاہر کی گئی ہے۔