جھارکھنڈ کے وزیر تعلیم اور جے ایم ایم کے ایم ایل اے رام داس سورین کا انتقال ہوگیا۔ وہ دہلی کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں انہوں نے آخری سانس لی۔ ان کے بیٹے نے سوشل میڈیا پر ان کی موت کی اطلاع دی۔ اس ماہ کے شروع میں رام داس سورین اپنی رہائش گاہ کے باتھ روم میں گر گئے تھے۔ اس کے بعد انہیں برین ہیمرج ہو گیا۔ انہیں علاج کیلئے دہلی لایا گیا۔ ان کی حالت نازک بنی ہوئی تھی۔ رام داس سورین نے 30 اگست 2024 کو جھارکھنڈ حکومت میں وزیر کے طور پر حلف لیا تھا۔ وہ دو بار گھاٹسیلا سے ایم ایل اے بنے تھے۔
سی ایم ہیمنت سورین نے ان کی موت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ رام داس کے جانے سے ہمارا بڑا نقصان ہوا ہے۔ بوکارو سیٹ سے کانگریس ایم ایل اے شویتا سنگھ نے کہاکہ میں جھارکھنڈ کے وزیر تعلیم رام داس سورین کے انتقال کی خبر سن کر صدمے میں ہوں۔ یہ نہ صرف جھارکھنڈ کی سیاست کے لیے بلکہ پوری ریاست کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔
جے ایم ایم کے ریاستی ترجمان کنال شڈنگی نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ رام داس سورین کا انتقال ان کے لاکھوں مداحوں، خیر خواہوں، کارکنوں، اسکول ایجوکیشن اینڈ رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھیوں اور جے ایم ایم کے پورے خاندان کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے اپولو ہسپتال کے تمام ڈاکٹروں اور ہیلتھ ورکرز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے 2 اگست سے مسلسل ان کے علاج کی پوری کوشش کی لیکن خدا کی مرضی کے سامنے ہر کوئی بے بس ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ اور بی جے پی لیڈر ارجن منڈا نے بھی ٹویٹ کرکے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا جھارکھنڈ کے وزیر تعلیم اور گھاٹسیلا کے ایم ایل اے رام داس سورین کی موت کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ خدا ان کی روح کو سکون دے اور خاندان کو یہ نقصان برداشت کرنے کی طاقت دے۔
بی جے پی کے ترجمان پرتول شاہ دیو نے افسوس کا اظہار کیا:
اس کے ساتھ ہی بی جے پی کے ترجمان پرتول شاہ دیو نے رام داس سورین کی موت پر غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 12 دنوں میں جھارکھنڈ نے دو بڑے لیڈروں کو کھو دیا ہے۔ رام داس سورین کو جھارکھنڈ تحریک کا ایک مضبوط ستون سمجھا جاتا تھا۔ وہ ایک عظیم رہنما تھے اور انہوں نے کولہان کے علاقے میں بہت بڑا حصہ ڈالا ہے۔ ان کی موت سے جھارکھنڈ میں سوگ کی لہر ہے۔