کیرالہ کے ایرناکولم ضلع میں27 اگست کو ایک سیاحتی بس حادثے کا شکار ہو گئی۔ بس میں تقریباً 35 افراد سوار تھے جو شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ حادثے میں 20 سے زائد مسافر زخمی ہوئے۔ یہ حادثہ صبح تقریباً 10:30 بجے کوتھا ٹوکولم-پیراووم روڈ پرکاکورکے قریب پیش آیا۔ بس ایک پٹرول پمپ کے قریب پہنچ رہی تھی کہ اچانک ایک اسکوٹر اس کے سامنے آ گیا۔
اسکوٹر سے بچنے کی کوشش میں بس الٹ گئی
حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے۔ ویڈیوں میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بس ڈرائیور اسکوٹر سے بچنے کے لیے اچانک دائیں جانب مڑتا ہے اور بریک لگاتا ہے۔ اس دوران بس سڑک سے باہر نکل گئی اور قریب موجود پٹرول پمپ کے ڈھانچے سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ بس پٹرول پمپ پر موجود ایندھن کے ڈسپنسر، ایک کار اور ایک دوسرے دو پہیے والی گاڑی سے بھی ٹکرانے سے بال بال بچ گئی۔ اگر بس ایندھن کے ڈسپنسر سے ٹکرا جاتی تو بڑا حادثہ یا آگ لگنے کا خطرہ پیدا ہو سکتا تھا۔
20 سے زائد مسافر زخمی
حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگ موقع پر پہنچ گئے اور بس میں پھنسے مسافروں کو باہر نکالنے میں مدد کی۔ زخمیوں کو قریبی نجی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ پولیس اور فائر اینڈ ریسکیو سروسز کے اہلکار بھی موقع پر پہنچے اور امدادی کاروائیوں میں حصہ لیا۔ پولیس کے مطابق زخمیوں میں کسی کی حالت بظاہر تشویش ناک نہیں تھی، حادثے کے بعد کچھ مسافر بے ہوش ہو گئے تھے۔
حادثے کی ویڈیوں پر بحث
سی سی ٹی وی ویڈیوں سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر لوگ حادثے کی وجہ پر بحث کر رہے ہیں۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ اسکوٹر اچانک بس کے سامنے آ گیا، جس کی وجہ سے ڈرائیور کو اچانک رخ بدلنا پڑا۔ دوسری جانب کچھ لوگوں نے بس کی رفتار پر بھی سوال اٹھائے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کے مطابق اس حادثے میں اسکوٹر سوار کی حرکت کے ساتھ ساتھ بس ڈرائیور کی رفتار اور اچانک موڑ لینے کے فیصلے کا بھی جائزہ لیا جانا چاہیے۔
شادی کی تقریب کا سفر حادثے میں بدل گیا
یہ بس شادی کی تقریب میں شرکت کرنے والے لوگوں کو لے کر جا رہی تھی، لیکن راستے میں پیش آنے والے حادثے نے خوشی کے سفر کو خوفناک واقعے میں بدل دیا۔ خوش قسمتی سے پٹرول پمپ پر موجود ایندھن کے ڈسپنسر سے بس کی براہ راست ٹکر نہیں ہوئی، ورنہ حادثہ مزید سنگین ہو سکتا تھا۔