• News
  • »
  • قومی
  • »
  • حج آپریشن 2026 کامیابی سے مکمل۔ حج 2027 کے لیے تیاریوں کا آغاز

حج آپریشن 2026 کامیابی سے مکمل۔ حج 2027 کے لیے تیاریوں کا آغاز

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jun 18, 2026 IST

حج آپریشن 2026 کامیابی سے مکمل۔ حج 2027 کے لیے تیاریوں کا آغاز
مرکزی وزیر برائے اقلیتی و پارلیمانی امور کرن رجیجونے جمعرات کونئی دہلی میں حج جائزہ اجلاس2027 کی صدارت کی۔ جائزہ میٹنگ کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مسٹر رجیجو نے حج 2026 کو ہندوستان کی تاریخ کا سب سے کامیاب حج قرار دیا۔ وزیر نے کہا کہ ہندوستان کو حج 2026 کے لئے سعودی عرب کی حج اورعمرہ کی وزارت سے دو لیبیتتم ایوارڈ ملے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت حج 2027 کے لئے جلد ہی نئی حج پالیسی کا اعلان کیا جائےگا۔ وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ حج 2027 اس سال سے بہتر ہوگا۔

 اجلاس میں مختلف وزارتوں کے نمائندوں کی شرکت 

مرکزی وزیربرائے اقلیتی و پارلیمانی امور کرن رجیجو نے  حج 2026 کےتکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا اور ساتھ ہی  حج 2027 کے لیے روڈ میپ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت اقلیتی امور کے زیر اہتمام ڈاکٹر امبیڈکر انٹرنیشنل سینٹر میں منعقدہ اجلاس میں وزارت خارجہ، شہری ہوا بازی، صحت، داخلہ امور، حج کمیٹی آف انڈیا، بھارتی حج مشن سعودی عرب اوردیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

 حج 2026 کےکامیاب انعقاد پراظہار اطمینان

مرکزی وزیر کرن رجیجو نے حج 2026 کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً 1.75 لاکھ ہندوستانی عازمین حج نے اس سال فریضہ حج ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی تمام متعلقہ وزارتوں، حج کمیٹی آف انڈیا، ریاستی حج کمیٹیوں، بھارتی حج مشن اور سعودی حکام کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔

پہلی مرتبہ سعودی حکومت سےاعزاز

اجلاس میں بتایا گیا کہ پہلی مرتبہ انڈین حج مشن کو سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے دو "لبّیتُم ایوارڈز" سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز حج انتظامات، رابطہ کاری اور عازمین کی بہتر خدمت کے اعتراف میں دیا گیا۔

 ہائی اسپیڈ ریل کے ذریعہ مکہ مدینہ تک کا سفر

حج 2026 کے دوران عازمین کی سہولت کے لیے کئی اہم اقدامات کیے گئے۔ منیٰ میں صوفہ کم بیڈز فراہم کیے گئے، جس سے قیام کے دوران سہولت میں اضافہ ہوا۔ تقریباً 62,500 عازمین نے مکہ سے مدینہ تک ہائی اسپیڈ ریل کے ذریعے سفر کیا۔ اس کے علاوہ مکہ میں ہوٹل طرز کی رہائش اور 20 روزہ مختصر حج پیکیج بھی متعارف کرایا گیا، جس سے تقریباً 10,500 عازمین نے فائدہ اٹھایا۔

 ڈیجیٹل شکایتی نظام سے حاجیوں کو سہولت 

اجلاس میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو بھی اہم قرار دیا گیا۔ سعودی نسک (Nusuk) پلیٹ فارم کے ساتھ انضمام، آن لائن فلائٹ بکنگ اور ڈیجیٹل شکایتی نظام کے ذریعے عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کی گئیں۔

حج آپریشن 2026 کامیابی سے مکمل 

حکام نے بتایا کہ علاقائی صورتحال کے باوجود حج آپریشن کامیابی سے مکمل ہوا، جس کے لیے تقریباً 400 پروازیں چلائی گئیں اور عازمین کے لیے طبی سہولیات، ٹرانسپورٹ اور 24 گھنٹے مدد فراہم کی گئی۔

حج 2027 کی تیاریاں شروع 

مرکزی وزیر نے حج 2027 کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ابھی سے تیاری شروع کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ حج میں مصنوعی ذہانت (AI) کا استعمال بڑھایا جائے گا، جس کے تحت کثیر لسانی وائس سپورٹ، دستاویزات کی تصدیق، فلائٹ مینجمنٹ اور شکایات کے فوری حل جیسے اقدامات شامل ہوں گے۔

حج پالیسی2027 کا جلد ہوگا اعلان

انہوں نے کہا کہ حکومت عازمین حج کو محفوظ، آرام دہ، شفاف اور باوقار سفر کی سہولت فراہم کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ حج پالیسی 2027 جلد جاری کی جائے گی، جس کے بعد حج کمیٹی آف انڈیا عازمین سے درخواستیں طلب کرے گی۔