Sunday, June 01, 2025 | 05, 1446 ذو الحجة
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • تلنگانہ:17 ماؤنوازوں نے کْتہ گوڈیم پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے

تلنگانہ:17 ماؤنوازوں نے کْتہ گوڈیم پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے

Reported By: Munsif TV | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: May 30, 2025 IST     

image
ماؤنواز پارٹی کے 17 ارکان نے بھدردری کْتہ  گوڈیم ضلع پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے۔ ضلع ایس پی بیرودراجو روہت راجو نے جمعہ کو پولیس ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں تفصیلات کا انکشاف کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماؤ نواز پارٹی کے فرسودہ نظریات پر عدم اطمینان کا اظہار کرنے والے لیڈر اور ممبران آہستہ آہستہ ہتھیار ڈال کرعام دھارے میں شامل رہے ہیں۔ اس عمل کے ایک حصے کے طور پر، چھ خواتین ارکان سمیت 17 ماؤنوازوں نے ضلع پولیس کے سامنے خودسپردگی اختیار کی۔
 
ہتھیار ڈالنے والوں میں دو ،ایریا کمیٹی ممبران، پارٹی کے چارممبران اورملیشیا کے گیارہ ممبران شامل تھے۔ بتایا گیا ہے کہ اس سال اب تک ماؤنواز پارٹی کے 282 ارکان نے ہتھیار ڈال دیئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ڈی وی سی ایم، 13 ایریا کمیٹی/پی پی سی ممبران، 32 پارٹی ممبران، 105 ملیشیا ممبران، 33 آر پی سی ممبران، 47 ڈی اے کے ایم ایس/ کے ایم ایس ممبران، 30 چیتنیہ ناٹی منڈلی ممبران، اور21 گرام رکشک دل ممبران تھے۔ حال ہی میں ملوگو ضلع پولیس نے ماؤنواز پارٹی کے 20 ارکان کو گرفتار کیا اور ان سے 12 ہتھیار ضبط کئے۔
 
ایس پی نے زور دے کر کہا کہ تلنگانہ کے لوگوں کا ماؤسٹوں کے فرسودہ نظریہ سے اعتماد ختم ہو گیا ہے اور ریاست کبھی بھی ماؤسٹوں کے لیے پناہ گاہ نہیں بن سکتی۔ہتھیار ڈالنے والے ماؤنوازوں کو عام زندگی گزارنے کے لیے مناسب انعام اور مدد دی جا رہی ہے۔ ایس پی نے مزید کہا کہ تمام زیر زمین کیڈرز کو چاہیے کہ وہ ہتھیار ڈال دیں اور امن سے زندگی گزارنے کے لیے مرکزی دھارے میں شامل ہو جائیں۔
 
 روہت راجو نے کہا کہ ماؤنواز تلنگانہ۔چھتیس گڑھ کی سرحدوں پر آگے بڑھ رہے ہیں انھوں نے سرحدی دیہات کے رہائشیوں سے اپیل  کی کہ وہ ماوسٹوں  کے ساتھ کسی بھی قسم کا تعاون نہیں کرنا چاہیے۔ اگر گاؤں والوں کو ماؤنوازوں کی کوئی حرکت نظر آتی ہے تو انہیں فوری طور پر پولیس کو مطلع کرنا چاہیے۔اس میٹنگ میں کْتہ  گوڈیم کے ایڈیشنل ایس پی (آپریشنز) گوپتی نریندر، بھدراچلم کے اے ایس پی وکرانت کمار سنگھ، آئی پی ایس، 141ویں بٹالین کے ایڈیشنل کمانڈنٹ پریتھا، 81ویں بٹالین کے ایڈیشنل کمانڈنٹ روی شرما، ایس بی انسپکٹر سرینواس، چارلا سی آئی راجو ورما، اور آر آئی (آپریشنز) روی نے شرکت کی۔