Sunday, August 23, 2026 | 08 ربيع الأول 1448
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • آئی فون کی ای ایم آئی پر جھگڑا، 18 سالہ نوجوان سمیت والدین کی موت

آئی فون کی ای ایم آئی پر جھگڑا، 18 سالہ نوجوان سمیت والدین کی موت

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Aug 22, 2026 IST

آئی فون کی  ای ایم آئی پر جھگڑا، 18 سالہ نوجوان سمیت والدین کی موت
مہاراشٹر کے چھترپتی سمبھاجی نگر میں آئی فون کی ای ایم آئی کی ادائیگی کو لے کر والد سے ہونے والا جھگڑا ایک خاندان کے لیے انتہائی المناک حادثے میں تبدیل ہوگیا۔ مہاراشٹر کے چھترپتی سمبھاجی نگر میں 18 سالہ نوجوان کنال مبینہ طور پر گھر سے ناراض ہو کر ایک پہاڑی کے کنارے جا بیٹھا۔ تقریباً تین گھنٹے تک اسے واپس لانے کی کوشش کی جاتی رہی، لیکن وہ اپنی جگہ سے نہیں ہلا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کنال نے حال ہی میں آئی فون خرید کر لایا تھا، لیکن اس کی ماہانہ ای ایم آئی ادا کرنے میں اسے دشواری پیش آ رہی تھی۔ وہ اپنے گھر والوں  سے رقم کا مطالبہ کر رہا تھا۔ رقم نہ ملنے پر اس کا والد سے شدید جھگڑا ہوگیا۔ جمعے کی صبح تقریباً 10 بجے کنال گھر سے نکلا اور تیسگاؤں کے علاقے میں واقع ایک پہاڑی پر پہنچ گیا۔ وہاں جا کر اس نے مبینہ طور پر اپنی جان لینے کی دھمکی دی۔
 
 
نوجوان کو واپس لانے کے لیے مقامی افراد، گاؤں کے سرپنچ، پولیس اور فائر بریگیڈ کے اہلکار موقع پر پہنچے۔ گاؤں کے سرپنچ نے تقریباً تین گھنٹے تک اسے سمجھانے اور واپس نیچے لانے کی کوشش کی۔ سرپنچ نے اسے یقین دلایا کہ اس کی خواہش پوری کرنے کی کوشش کی جائے گی اور اس سے بار بار پہاڑی سے نیچے آنے کی اپیل کی گئی۔ بعض افراد نے مبینہ طور پر اسے آئی فون 15 پرو دلانے تک کی یقین دہانی کرائی۔لیکن نوجوان اپنی بات پر قائم رہا اور نیچے آنے سے انکار کرتا رہا۔ اطلاعات کے مطابق وہ بار بار کہتا رہا کہ وہ مرنا چاہتا ہے اور اسے یہی واحد راستہ نظر آ رہا ہے۔
 
 
صورتحال اس وقت مزید خطرناک ہوگئی جب نوجوان کو بچانے کی کوشش کے دوران اس کے والدین بھی پہاڑی سے نیچے جا گرے۔ حادثے میں کنال، اس کے والد اور والدہ، تینوں کی جان چلی گئی۔ ایک موبائل فون کی ای ایم آئی کا مسئلہ آخر تین قیمتی زندگیاں کیسے نگل گیا؟ یہ سوال اب اس المناک واقعے کے بعد سب سے زیادہ پریشان کن بن کر سامنے آ رہا ہے۔