• News
  • »
  • قومی
  • »
  • مہاراشڑا:مولانا آزاد اقلیتی مالیاتی کارپوریشن میں مبینہ طور پر بڑے گھوٹالے کا انکشاف۔ ایس ڈی پی آئی نے ایس آئی ٹی جانچ کا کیا مطالبہ

مہاراشڑا:مولانا آزاد اقلیتی مالیاتی کارپوریشن میں مبینہ طور پر بڑے گھوٹالے کا انکشاف۔ ایس ڈی پی آئی نے ایس آئی ٹی جانچ کا کیا مطالبہ

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jul 19, 2025 IST     

image
مہاراشٹرا حکومت کی جانب سے اقلیتوں کی معاشی ترقی کے لیے قائم کیے گئے مولانا آزاد اقلیتی مالیاتی کارپوریشن میں مبینہ طور پر  ایک بڑے گھوٹالے کا انکشاف ہوا ہے۔ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا ،ایس ڈی پی آئی نے آر ٹی آئی کے ذریعہ اورنگ آباد، ناندیڑ سمیت دیگر اضلاع سے حاصل کی گئی معلومات کی بنیاد پر سنگین بدعنوانیوں کا پردہ فاش کیا ہے۔
 
اس معاملے پر ضلع کلکٹر دفتر کے سامنے ایس ڈی پی آئی کے ضلع صدر محمد اعجاز کی قیادت میں  احتجاجی دھرنا دیا گیا۔محمد اعجاز کے مطابق، کارپوریشن کے کچھ افسران نے قرض کی منظوری کے نام پر درخواست دہندگان سے بڑی رقومات رشوت کے طور پر وصول کیں۔ کئی افراد سے ضمانت کے طور پر ان کی جائیدادوں کے دستاویزات بھی لے لیے گئے۔ ان جائیدادوں پر قرض کی رقم بھی چڑھائی گئی، لیکن بینک کھاتوں میں کوئی رقم منتقل نہیں ہوئی۔ اتنا ہی نہیں بلکہ  متاثرین کو بار بار یہ کہہ کر بہلایا گیا کہ حکومت نے بجٹ جاری نہیں کیا، رقم جلد ہی آ جائے گی۔
 
ایس ڈی پی آئی کے مطابق جن درخواستوں کو ترجیح دی گئی، ان کا تعلق نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے حلقہ بارامتی اور شنڈے گروپ سے تعلق رکھنے والے وزیر عبدالستار کے حلقہ سے ہے۔ پارٹی نے اسے سیاسی اقربا پروری اور طاقت کے ناجائز استعمال کی علامت قرار دیا ہے۔ایس ڈی پی آئی نےاس گھوٹالے کی ایس آئی ٹی کے ذریعے جانچ کی مانگ کی ہے۔ 
 
 ادھر ایس ڈی پی آئی، بیڑ شاخ کی جانب سے بھی مولانا آزاد اقلیتی مالیاتی ترقیاتی کارپوریشن مہاراشٹر کی قرض تقسیم میں ہوئے مبینہ  گھوٹالے کی گہرائی سے تفتیش کی جائے اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی  کرنے کا مطالبہ کیاگیا ہے۔سیّد عابد عباس کی قیادت میں ایس ڈی پی آئی کارکنوں نے اس ضمن میں  ضلع کلکٹر کو ایک میمورنڈم  حوالے کیا ہے۔ جس میں  کارپوریشن میں شفافیت، خاطی افسران کے خلاف عدالتی جانچ، نئی بیداری مہم، اور اقلیتی نمائندوں کی تقرری سمیت 11 نکاتی مطالبات پر مشتمل ایک میمورنڈم پیش کیا۔