• News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • انڈیا ٹوڈے گروپ میں چھانٹنی، 120 سے زائد ملازمین کو نوکریوں سے نکال دیا

انڈیا ٹوڈے گروپ میں چھانٹنی، 120 سے زائد ملازمین کو نوکریوں سے نکال دیا

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Jul 28, 2026 IST

انڈیا ٹوڈے گروپ میں چھانٹنی، 120 سے زائد ملازمین کو نوکریوں سے نکال دیا
میڈیا اداروں میں ملازمین کی چھانٹنی کا سلسلہ ایک بار پھر بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ ہفتے انڈیا ٹوڈے گروپ کے 120 سے زائد ملازمین کو اچانک ملازمت سے فارغ کر دیا گیا، جس کے بعد متاثرہ ملازمین نے اس عمل پر سوالات اٹھائے ہیں۔ نوکری کھونےوالے ایک شخص  نے بتایا کہ گزشتہ بدھ کو وہ نوئیڈا کے سیکٹر 16 میں واقع ٹی وی ٹوڈے نیٹ ورک کے دفتر میں معمول کے مطابق اپنی ڈیوٹی کر رہے تھے۔ وہ گزشتہ دو سال سے 'آج تک' کی ہندی ویب سائٹ ٹیم سے جڑے تھے۔ ان کے مطابق ان کی شفٹ ختم ہونے میں تقریباً ایک گھنٹہ باقی تھا کہ انہیں اچانک ایچ آر ڈیپارٹمنٹ کے کیبن میں بلایا گیا۔
 
ان کے مطابق کیبن میں ان کی منیجر اور ایچ آر کی ایک نمائندہ موجود تھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں بتایا گیا، آج آپ کا آخری دن ہے، آپ کو اپنا استعفیٰ جمع کرانا ہوگا۔ انہوں نے ایچ آر سے سوال کیا کہ اگر ان کے کام میں کوئی کمی یا خامی تھی تو انہیں پہلے کبھی اس بارے میں کیوں نہیں بتایا گیا۔ ان کے بقول، ایچ آر نمائندے نے جواب دیا کہ ان کی کارکردگی میں کوئی مسئلہ نہیں، بلکہ کمپنی تنظیمی ڈھانچے میں تبدیلی (ری اسٹرکچرنگ) کے عمل سے گزر رہی ہے۔
 
 جب انہیں کیبن میں بلایا گیا تو ان کی مکمل (Full and Final Settlement) سے متعلق دستاویزات پہلے سے تیار تھیں۔ ان کے مطابق، اسی وقت ان سے استعفیٰ لکھوایا گیا، پھر ان کا لیپ ٹاپ اور شناختی کارڈ واپس لے لیا گیا اور انہیں دفتر چھوڑنے کے لیے کہا گیا۔20 جولائی سے 24 جولائی کے درمیان انڈیا ٹوڈے گروپ کے 120 سے زائد ملازمین کو ملازمت سے فارغ کر دیا گیا۔
 
مگر ابھی تک اس معاملے پر انڈیا ٹوڈے گروپ کی طرف سے اس خبر کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ اگر کمپنی کی جانب سے اس بارے میں کوئی وضاحت یا بیان جاری کیا جاتا ہے تو اس سے معاملے کی مزید تصویر واضح ہو سکے گی۔یہ واقعہ ایک بار پھر میڈیا انڈسٹری میں ملازمت کے تحفظ، ادارہ جاتی تنظیمِ نو (ری اسٹرکچرنگ) اور ملازمین کے حقوق سے متعلق سوالات کو نمایاں کر رہا ہے۔