• News
  • »
  • قومی
  • »
  • اتراکھنڈ میں ریسکیو آپریشن جاری؛کئی ریاستوں میں آئندہ سات دنوں تک مزید بارش کی پیش قیاسی

اتراکھنڈ میں ریسکیو آپریشن جاری؛کئی ریاستوں میں آئندہ سات دنوں تک مزید بارش کی پیش قیاسی

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Aug 11, 2025 IST     

image
مانسون کی بارش نے اتراکھنڈ کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر حصوں میں بھی ہلچل مچا دی ہے۔ ہماچل پردیش میں طوفانی بارش کے درمیان پہاڑ سے پتھر گرنے سے ایک شخص کی موت ہوگئی۔ پہاڑ سے گرنے والے ملبے کی وجہ سے نالہ گڑھ میں کمارہٹی کے قریب ایک مصنوعی جھیل بن گئی ہے جو کسی بھی وقت بڑا خطرہ بن سکتی ہے۔ خاص طور پر اس بات پر غور کرتے ہوئے کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ پانچ سے سات دنوں تک ہماچل اور اتراکھنڈ کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر حصوں میں شدید بارش کی وارننگ دی ہے۔محکمہ موسمیات نے تلنگانہ میں 17 اگست تک شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔اس دوران کچھ اضلاع میں 30-40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
 
 حیدرآباد میں ہفتہ کی رات سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اتوار کو بھی حیدرآباد کے بشمول کئی اضلاع میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات نے آئندہ سات دنوں تک اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش میں کئی مقامات پر موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ 13 اگست کو اتراکھنڈ کے کچھ مقامات پر 21 سنٹی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے۔ مشرقی وسطی ہندوستان اور ملحقہ شمالی جزیرہ نما ہندوستان میں بھی بارش کا امکان ہے۔ 13-16 اگست کے دوران مدھیہ پردیش، ودربھ، اڈیشہ، چھتیس گڑھ اور ساحلی آندھرا پردیش میں شدید بارش کا نیا سلسلہ شروع ہوسکتاہے۔
 
بہار میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی:
 
ادھر دوسری جانب بہار میں بھی موسلادھار بارش  سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ بہار میں اتوار کو ندیوں اور تالابوں میں ڈوبنے سے ایک درجن سے زیادہ لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ماں بیٹی اور دو حقیقی بہنیں شامل ہیں۔ سب سے زیادہ اموات بہار کے بیگوسرائے ضلع میں ہوئی ہیں۔ بیگوسرائے میں ماں بیٹی سمیت سات افراد کی موت ہوگئی۔ اس واقعہ کی وجہ سے ضلع میں دن بھر افراتفری کا ماحول رہا۔مرنے والوں کی شناخت کندن کمار کی 26 سالہ بیوی وندنا کماری اور 8 سالہ بیٹی آنیا کماری کے نام سے ہوئی ہے۔
 
 وہیں اکبر پور براری پنچایت کے بجولیا میں جانور کو لے جانے کے دوران ڈوبنے سے ایک نوجوان کی موت ہوگئی۔ متوفی کی شناخت 30 سالہ دھیرج کمار کے طور پر کی گئی ہے۔ اسی طرح متھیانی تھانہ علاقہ کے رہنے والے 75 سالہ جگدیش سنگھ کی اپنے گھر کے قریب سیلابی پانی میں ڈوب کر موت ہوگئی۔  محکمہ موسمیات نے بہار کے کئی اضلاع میں آئندہ چار دن  تک بارش کی پیش قیاسی کی ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں میں خوف ہے۔ عہدیداروں نے عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ دیاہے۔