Saturday, May 23, 2026 | 05 ذو الحجة 1447
  • News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • موجودہ حالات کے پیش نظر مسلمانان مغربی بنگال گائے کی قربانی سے پر ہیز کریں:علمائے کرام کی اپیل

موجودہ حالات کے پیش نظر مسلمانان مغربی بنگال گائے کی قربانی سے پر ہیز کریں:علمائے کرام کی اپیل

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: May 22, 2026 IST

 موجودہ حالات کے پیش نظر مسلمانان مغربی بنگال گائے کی قربانی سے پر ہیز کریں:علمائے  کرام کی اپیل
مغربی بنگال میں موجودہ صورتحال  کو پیش نظر  رکھتے ہوئے شہربرن پور و آسنسول کے علمائے اہل سنت نے مسلمانوں سے احتیاط اور صبر و تحمل کی اپیل کی ہے۔ علمائے کرام نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے عید الاضحیٰ کے موقع پر  قربانی اور مذہبی معاملات  سے متعلق کہا ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر مسلمانانِ مغربی بنگال اس سال گائے کی قربانی سے پرہیز کریں۔
 
بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومتِ مغربی بنگال کی جانب سے گائے کی قربانی پر سخت شرائط عائد کی گئی ہیں، جن کے تحت صرف 14 سالہ گائے کی قربانی کی اجازت دی گئی ہے، جبکہ ایسی معذور اور ناکارہ گائے کی قربانی شرعاً بھی درست نہیں۔ اسی بنیاد پر مسلمانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ امسال گائے کی قربانی سے اجتناب کریں اور اس کے بجائے بکری، بھیڑ، دنبہ اور خصی جیسے جانوروں کی قربانی کریں، کیونکہ ان جانوروں پر کسی قسم کی پابندی نہیں ہے۔
 
لاؤڈ اسپیکر کے مسئلہ پر علما ئے کرام کا موقف:
 
علمائے کرام نے لاؤڈ اسپیکر کے مسئلہ پر بھی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے اذان پر پابندی نہیں لگائی، بلکہ صرف آواز کی حد مقرر کی ہے، اس لیے مسلمانوں کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے مقررہ حد پر عمل کرنا چاہئے۔
 
مسلمانوں سے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل:
 
اپنے بیان میں علمائے اہل سنت نے مسلمانوں کو امن و امان برقرار رکھنے، بھائی چارہ قائم رکھنے اور افواہوں سے دور رہنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان اچھے شہری ہونے کا ثبوت دیں، اپنے اخلاق و کردار کو بلند رکھیں اور بلا تحقیق کسی خبر یا افواہ کو نہ پھیلائیں۔
 
ساتھ ہی علمائے کرام نے یہ بھی واضح کیا کہ مسلمان اپنے آئینی و مذہبی حقوق سے دستبردار نہ ہوں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جلد ہی عدالتی حوالہ جات اور شرعی رہنمائی کے ساتھ مزید تفصیلی موقف عوام کے سامنے رکھا جائے گا۔
 
علمائے کرام کے دستخط :
 
اس مشترکہ اپیل پر مفتی محمد سعود عالم مصباحی، مفتی محمد نعیم الدین برکاتی مصباحی، حافظ محمد مبین احمد حبیبی، علامہ محمد عیسیٰ مصباحی، مولانا محمد سراج الحق رضوی، مولانا محمد رستم علی نوری، مفتی محمد اورنگزیب عالمگیر، قاری نثار احمد، حافظ مولانا زین العابدین ،قاری نہال احمد  اور دیگر علمائے کرام کے دستخط موجود ہیں۔