کَرناٹک اور مہاراشٹرا میں جاری موسلادھار بارش کے نتیجہ میں دریائے کرشنا اور اس کی معاون ندیوں میں زبردست پانی کا بہاؤدیکھا جارہا ہے۔ تلنگانہ کا ہمہ مقصدی آبی پروجیکٹ ناگرجنا ساگرلبریزہوگیا ہے۔ حکام نے اضافی پانی کےبہاو کو دیکھتے ہوئے ساگر کے 26 گیٹس سے فاضل پانی کو نیچے کی طرف چھوڑدیا۔ ناگرجنا ساگر سے 18 سالوں بعد جولائی کے مہینے میں 26 کرسٹ گیٹ اٹھائے گئے اور پانی نیچے کی طرف چھوڑا گیا۔ اور ساگر کے گیٹ اٹھانے کے ساتھ ہی مقامی لوگ اور سیاح بڑی تعداد میں اس منظر کو دیکھنے کے لئے نکل پڑے۔ سیاحوں نے اس منظر کو اپنے کیمروں میں قید کر لیا اور دوسری طرف تصویریں بنوانے کا لطف اٹھایا۔
آج صبح ریاستی وزیر آبپاشی اْتم کمار ریڈی نے 14 گیٹ کھولے۔ شام تک، جملہ 26 کرسٹ گیٹس کو 5 فٹ تک اٹھایا گیا اور پانی کو نیچے کی طرف چھوڑ دیا گیا۔ منصوبے کی مکمل گنجائش 590.00 فٹ تھی لیکن اب یہ 586.60 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔ گیٹ اٹھائے جانے کے پیش نظر حکام نے نشیبی علاقوں کے لوگوں کو الرٹ کر دیا ہے۔شیڈول کے مطابق ناگرجن ساگر کے دروازے منگل کو صبح 10 بجے نلگنڈہ کے ضلعی وزراء اتم کمار ریڈی، کوماتیریڈی وینکٹ ریڈی اور ضلع انچارج وزیر ادلوری لکشمن کے ذریعہ کھولے جانے تھے۔ اس تناظر میں سبھی نے صبح 9 بجے بیگم پیٹ ایئرپورٹ پہنچنے اور وہاں سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ناگرجن ساگر جانے کا فیصلہ کیا۔
منصوبہ کے مطابق وزراء کومٹی ریڈی وینکٹ ریڈی اور ادلوری لکشمن صبح 9 بجے بیگم پیٹ ایرپورٹ پہنچ گئے۔ لیکن وزیر اتم کمار ریڈی ایک گھنٹہ تاخیر سے صبح 10 بجے پہنچے۔ اس کے ساتھ کوماتیریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ وہ ناگرجناساگر نہیں آرہے ہیں اور بیگم پیٹ ایرپورٹ سے چلے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی صرف وزراء اتم کمار ریڈی اور اڈلوری لکشمن ہیلی کاپٹر کے ذریعہ ناگرجناسگر گئے۔
ناگرجنا ساگر کیلئے خصوصی بس کا نظم
ناگرجنا ساگر کے دروازے کھولنے بعد تلنگانہ آرٹی سی نے حیدرآباد کے دلسکھ نگر ڈپو سے 2 اگست کو ایک ٹور پیکج کا اہتمام کیا ہے۔ دلسکھ نگر سٹی ڈپو مینیجر سمتھا نے ایک بیان میں کہا۔سیر و تفریح کے خواہشمند لوگوں کیلئے 40 افراد کی گنجائش والی میٹرو ڈیلکس بس کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بس 2 اگست بروز ہفتہ صبح 5 بجے روانہ ہوگی اور ناگرجنا ساگر کا دورہ کرے گی اور رات 8 بجے تک دلسکھ نگر پہنچے گی۔ اس دورے کے ایک حصے کے طور پر، چنتاپلی سائی بابا مندر، ناگارجنا ساگر ڈیم، ویزاگ کالونی اور لفٹ اریگیشن کو پہلے دکھایا جائے گا۔ اس ٹور پیکج کی لاگت بالغوں کے لیے 900 اور ۔ بچوں کے لیے 500روپئے چارج کئے جائیں گے۔
مزید تفصیلات کیلئے بوچی ریڈی سے 7989928321 پر اور ایم ایس ریڈی سے 9063102132 سے ربط کیا جاسکتا ہے۔
سری سیلم پروجکٹ سے فاضل پانی کا اخراج
ادھر کرشنا پر واقع تلنگانہ اوراے پی کے مشترکہ سری سیلم پراجکٹ میں بھاری مقدار میں پانی داخل ہواجس کے بعد خطرے کو بھانپتے ہوئے حکام نے گزشتہ روز کھولے گئے تین دروازوں کے ساتھ مزید دو دروازے کھولتے ہوئے اب جملہ پانچ دروازوں کو 10 فٹ تک اٹھا دیا ہے، جن سے پانی کا اخراج کیا جا رہا ہے۔فی الحال بالائی علاقوں سے 2,32,290 کیوسیکس پانی کا بہاؤ جاری ہے جب کہ پانچوں دروازوں اور بائیں و دائیں بجلی گھروں کے ذریعہ مجموعی طور پر 2,01,743 کیوسیکس پانی خارج کیا جا رہا ہے۔سری سیلم جھیل کی مکمل گنجائش 885 فٹ ہے، جبکہ اس وقت پانی کی سطح 883 فٹ تک پہنچ چکی ہے۔ حکام نے بتایا کہ وہ ہر گھنٹے پانی کے بہاؤ پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔