مرکزی وزیرکشن ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت تلنگانہ کی ترقی پرخصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی 10 مئی کو تلنگانہ کا دورہ کریں گے۔ چونکہ مودی تیسری بار وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار تلنگانہ کا دورہ کریں گے، اس دورے سے سیاسی اور انتظامی طور پر کافی توقعات وابستہ ہیں۔
باوقار کاکتیہ میگا ٹیکسٹائل پارک
تلنگانہ کے شہر ورنگل میں قائم کیے گئے باوقار کاکتیہ میگا ٹیکسٹائل پارک کے افتتاح کی تاریخ طے ہو گئی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اس منصوبے کا افتتاح 10 مئی کو حیدرآباد سے ورچوئل طور پر کریں گے۔ اس بات کی اطلاع مرکزی وزیر برائے کوئلہ و معدنیات جی کشن ریڈی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے ذریعے دی۔
عالمی معیار کے مربوط ٹیکسٹائل
مرکزی وزیر کے مطابق، اس پارک کو عالمی معیار کے مربوط ٹیکسٹائل حب کے طور پر تیار کیا گیا ہے، جس سے ٹیکسٹائل پیداوار، روزگار اور برآمدات میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ یہ منصوبہ مرکزی حکومت کے ‘5F’ وژن (فارم ٹو فائبر، فائبر ٹو فیکٹری، فیکٹری ٹو فیشن، فیشن ٹو فارن) کے تحت تیار کیا گیا ہے۔
ملک کے بڑے ٹیکسٹائل پارکس میں شمار
تقریباً 1,327 ایکڑ اراضی پر قائم یہ پارک ملک کے بڑے ٹیکسٹائل پارکس میں شمار ہوگا۔ اس منصوبے کی لاگت تقریباً 1,695.54 کروڑ روپے ہے، جبکہ 6,000 کروڑ روپے سے زائد سرمایہ کاری متوقع ہے۔ اب تک 3,800 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری طے پا چکی ہے اور پارک کے 62 فیصد رقبے کو اینکر سرمایہ کاروں کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
24, ہزار سے زائد افراد کو نوکریاں
منصوبے کے مکمل فعال ہونے کے بعد 24,400 سے زائد افراد کو براہ راست روزگار ملنے کی توقع ہے، جبکہ اب تک تقریباً 2,000 نوکریاں پیدا ہو چکی ہیں۔ بنیادی ڈھانچے کے تحت اندرونی سڑکیں اور اسٹریٹ لائٹس مکمل ہو چکی ہیں، جبکہ 232 کے وی پاور سب اسٹیشن، 12 ایم ایل ڈی پانی کی فراہمی کا نظام اور سی ای ٹی پی (ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ) کے کام آخری مراحل میں ہیں۔
واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے ملک بھر میں سات مقامات پر پی ایم مِترا ٹیکسٹائل پارکس قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جن میں تلنگانہ کے ورنگل کے علاوہ تمل ناڈو، گجرات، کرناٹک، مدھیہ پردیش، اتر پردیش اور مہاراشٹر شامل ہیں۔
تلنگانہ کی ترقی میں مرکز کا تعاون
مرکزی وزیر کشن ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت تلنگانہ کی ترقی کےلئے اقدامات کر رہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ حیدرآباد سے یادگیری گٹہ تک ایم ایم ٹی ایس کا کام شروع ہوچکا ہے۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ملوگو میں قائم کیے جانے والے سماکا-سراکا سنٹرل ٹرائبل یونیورسٹی کیمپس کا تعمیراتی کام بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ پر پی ایم مودی کی ریلی
دریں اثناء وزیر اعظم کے دورہ حیدرآباد کے دوران پریڈ گراؤنڈ میں ایک بہت بڑے جلسہ عام کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ ریاستی بی جے پی قیادت میٹنگ میں 3 لاکھ لوگوں کو راغب کرنے کی امید کر رہی ہے۔