Saturday, March 28, 2026 | 08 شوال 1447
  • News
  • »
  • صحت
  • »
  • صحت مند ماں اور بچے کے لیے احتیاطی تدابیر

صحت مند ماں اور بچے کے لیے احتیاطی تدابیر

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Alam | Last Updated: Mar 27, 2026 IST

صحت مند ماں اور بچے کے لیے احتیاطی تدابیر
منصف ٹی وی کے مقبول پروگرام 'ہیلتھ اور ہم' میں آج ایک نہایت اہم موضوع پر تفصیلی گفتگو کی گئی، جس میں حمل (Pregnancy)، طبی معائنے (Check-ups)، نارمل ڈیلیوری اور سیزیرین (Cesarean) جیسے اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی۔ اس پروگرام میں ڈاکٹر منسا بدویلی نے شرکت کی اور خواتین کی صحت سے متعلق اہم معلومات فراہم کیں۔
 
مکمل جانکاری کے لیے ویڈیو دیکھیں:
 

ڈاکٹر منسا بدویلی نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ حمل ایک قدرتی عمل ہے، مگر اس کے دوران مناسب دیکھ بھال اور باقاعدہ طبی معائنہ نہایت ضروری ہوتا ہے۔ حمل کے ابتدائی مراحل سے ہی خواتین کو ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق ٹیسٹ اور چیک اپ کرواتے رہنا چاہیے تاکہ ماں اور بچے دونوں کی صحت کا بہتر انداز میں خیال رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ خون کے ٹیسٹ، الٹراساؤنڈ اور غذائیت سے متعلق رہنمائی حمل کے دوران انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
 
پروگرام میں نارمل ڈیلیوری اور سیزیرین کے درمیان فرق پر بھی تفصیل سے بات کی گئی۔ ڈاکٹر منسا کے مطابق نارمل ڈیلیوری ایک فطری طریقہ ہے جس میں ماں جلد صحت یاب ہو جاتی ہے، جبکہ سیزیرین ایک سرجری ہے جو اس وقت کی جاتی ہے جب ماں یا بچے کی جان کو خطرہ ہو یا کسی پیچیدگی کا سامنا ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیزیرین کو بلا ضرورت اختیار کرنا مناسب نہیں، اور ہر کیس میں ڈاکٹر کی رائے کو اہمیت دینی چاہیے۔
 
علاج اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ متوازن غذا، مناسب آرام، ذہنی سکون اور باقاعدہ ورزش (ڈاکٹر کے مشورے سے) حمل کو آسان بنا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ، ہائی بلڈ پریشر، شوگر یا دیگر بیماریوں کی صورت میں خصوصی نگرانی ضروری ہوتی ہے۔
 
پروگرام کے اختتام پر ڈاکٹر منسا بدویلی نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی افواہ یا غیر مصدقہ معلومات پر یقین نہ کریں بلکہ مستند ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ "ہیلتھ اور ہم" کا یہ خصوصی ایپی سوڈ ناظرین کے لیے نہایت معلوماتی ہے ، جس کے ذریعہ  نہ صرف آگاہی فراہم کی  جارہی ہے بلکہ دیگر صحتی مسائل پر باریکی روشنی بھی ڈالی جا رہی ہے۔