نئی دہلی: صدر جمہوریہ ہند نےعیدالفطر کے پرمسرت موقع پر ملک بھر کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ معاشرے میں اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ملک کی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کا عہد کریں۔
اپنے تہنیتی پیغام میں صدر مرمو نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے اختتام پر منایا جانے والا یہ عظیم تہوار خود احتسابی، ایثار، خیرات اور ہمدردی کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر نہ صرف خوشیوں کا دن ہے بلکہ یہ انسانیت کے اعلیٰ اقدار کو اپنانے اور معاشرے کے کمزور طبقات کے ساتھ کھڑے ہونے کا بھی موقع فراہم کرتی ہے۔
صدر نے اپنے بیان میں کہا، “یہ تہوار ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمیں تمام افراد کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل کوشش کرنی چاہیے۔ اس موقع پر ہم سب کو چاہیے کہ ہم ضرورت مندوں کی مدد کریں، سماجی ہم آہنگی کو فروغ دیں اور ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کا عہد کریں۔” انہوں نے مزید کہا کہ عید کا پیغام محبت، بھائی چارہ، امن اور باہمی احترام پر مبنی ہے، جسے ہر شہری کو اپنی زندگی میں اپنانا چاہیے۔
صدر جمہوریہ نے اپنے پیغام میں خاص طور پر ہندوستان اور بیرون ملک مقیم مسلمانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس خوشی کے موقع پر ان کے ساتھ اپنی نیک تمنائیں اور دلی مبارکباد پیش کرتی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ تہوار ملک میں اتحاد، بھائی چارہ اور مثبت سوچ کو مزید مضبوط کرے گا۔
قابل ذکر ہے کہ ملک بھر میں عیدالفطر آج یعنی 21 مارچ کو منائی جا رہی ہے۔ عیدالفطر اسلام کے اہم ترین تہواروں میں شمار ہوتی ہے، جو رمضان المبارک کے اختتام پر منائی جاتی ہے۔ رمضان کا مہینہ عبادت، صبر، ضبط نفس اور اخوت کا پیغام دیتا ہے، جس میں مسلمان روزے رکھتے ہیں، نمازوں کا اہتمام کرتے ہیں اور اللہ کی رضا حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ عیدالفطر دراصل اسی روحانی تربیت کا جشن ہے، جو انسان کو ایک بہتر، بااخلاق اور ہمدرد شہری بننے کی ترغیب دیتی