بنگلورو میں بدھ کی سہ پہر چناسوامی اسٹیڈیم کے باہر رائل چیلنجرز بنگلورو کے مداحوں کا جشن اس وقت ماتم میں بدل گیا ،۔۔جب بھگدڑ میں ایک خاتون اور ایک لڑکے سمیت 10 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔۔اطلاعات کے مطابق 50 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ۔مداح آئی پی ایل 2025 جیتنے والی آر سی بی ٹیم کے لیے فتح پریڈ سے قبل اسٹیڈیم کے باہر جمع تھے۔۔بتایا گیا ہے کہ بھگدڑ اس وقت ہوئی جب سینکڑوں افراد نے کبن پارک کے قریب ایک گیٹ سے اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی کوشش کی۔پولیس کو اس وقت لاٹھی چارج کا سہارا لینا پڑا جب مداحوں نے اسٹیڈیم کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔
مداحوں نے اسٹیڈیم کی چاردیواری پر چڑھنے کی بھی کوشش کی، ایک شخص دیوار پرچڑھنے کی کوشش میں گرنے سے اپنی ٹانگ تڑوا بیٹھا۔۔ اس المناک واقعے کے بعد، وزیر اعلیٰ سدارامیا فوری طور پر اُس ہسپتال کو پہنچ گئے۔جہاں زخمیوں اور مہلوکین کو لایا گیا تھا۔۔۔کچھ زخمیوں کووہاں جمع لوگوں نے سی پی آر دے کر ان کی جان بچانے کی کوشش کی ۔ متاثرین کو ہسپتالوں کو منتقل کرنے میں پولیس کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ اسٹیڈیم کے آس پاس ٹریفک جام تھا۔ ۔کئی افراد کو پولیس کی گاڑیوں، ایمبولینسوں اور حتیٰ کہ نجی گاڑیوں میں بھی منتقل کیا گیا۔مختلف گوشوں سے اس واقعے پر دکھ کا اظہار کیا جارہا ہے۔
اس واقعہ کے بعد کرناٹک کے چیف منسٹر سدارامیار نے ایک پریس کانفرنس میں اس معاملے کی پوری جانکاری دی۔سدارامیا نے کہاکہ بھگدڑ میں 11 لوگوں کی موت ہوئی ہے اور 33 لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ یہ سانحہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔ حکومت اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتی ہے۔ حکومت نے مرنے والوں کیلئے 10 لاکھ روپے کے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت زخمیوں کا مفت علاج کرے گی۔ اس دوران نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ میں اس واقعہ کا دفاع نہیں کرنا چاہتا، ہماری حکومت اس پر سیاست نہیں کرے گی۔انہوں نے کہاکہ میں نے مجسٹریل انکوائری کا حکم دیا ہے اور 15 دن کا وقت دیا ہے۔ لوگوں نے اسٹیڈیم کے گیٹ بھی توڑ دیے، بھگدڑ مچ گئی، کسی کو اتنے زیادہ ہجوم کی توقع نہیں تھی۔