آئی پی ایل 2026 کے فائنل میں اتوار کو دفاعی چیمپئن رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) اور گجرات ٹائٹنز کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ متوقع ہے۔ دونوں ٹیمیں مختلف حکمت عملیوں کے ساتھ میدان میں اتریں گی، جہاں آر سی بی اپنی جارحانہ کرکٹ کے ذریعے مسلسل دوسری بار ٹائٹل جیتنے کی کوشش کرے گی، جبکہ گجرات ٹائٹنز 2022 کی کامیابی دہرانے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
آر سی بی فیورٹ!
کاغذی طور پر آر سی بی کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے، جس کی بڑی وجہ اس کی بے خوف اور جارحانہ بیٹنگ ہے۔ ویراٹ کوہلی، دیودت پڈیکل، ٹم ڈیوڈ، کپتان رجت پاٹیدار، فل سالٹ اور وینکٹیش ایئر نے پورے ٹورنامنٹ میں حریف بولرز پر بھرپور حملے کیے ہیں۔ آر سی بی اس سیزن میں سب سے زیادہ بار 200 سے زائد رنز بنانے والی ٹیم بھی رہی ہے۔کپتان رجت پاٹیدار کی پرسکون قیادت نے بھی ٹیم کو استحکام فراہم کیا ہے۔ اگرچہ وہ ویراٹ کوہلی یا فاف ڈو پلیسی کی طرح جذباتی انداز کے حامل نہیں، لیکن ان کی قائدانہ صلاحیتوں نے سینئر اور نوجوان کھلاڑیوں کو یکجا رکھا ہے۔
گجرات بھی مضبوط دعویدار
دوسری جانب گجرات ٹائٹنز کی امیدیں کپتان شبھمن گل، سائی سدرشن اور جوس بٹلر پر مرکوز ہیں۔ تینوں بلے باز اس سیزن میں شاندار فارم میں رہے ہیں اور ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کر چکے ہیں۔ گل نے 722، سدرشن نے 710 جبکہ بٹلر نے 507 رنز اسکور کیے ہیں۔بولنگ کے شعبے میں آر سی بی کے پاس بھونیشور کمار، جوش ہیزل ووڈ، رسیخ سلام اور کرونال پانڈیا پر مشتمل متوازن اٹیک موجود ہے۔ بھونیشور 26 وکٹوں کے ساتھ پرپل کیپ کی دوڑ میں دوسرے نمبر پر ہیں۔
تاہم گجرات کی بولنگ بھی کسی سے کم نہیں۔ کاگیسو ربادا 28 وکٹوں کے ساتھ پرپل کیپ کی فہرست میں سرفہرست ہیں، جبکہ محمد سراج، راشد خان، جیسن ہولڈر اور پرسدھ کرشنا ان کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں۔فائنل سے قبل محمد سراج کی فٹنس گجرات کیلئے تشویش کا باعث بن گئی ہے۔ راجستھان رائلز کے خلاف کوالیفائر-2 میں ان کے کندھے میں تکلیف دیکھی گئی تھی، تاہم ٹیم کو امید ہے کہ وہ فائنل کیلئے مکمل طور پر فٹ ہوں گے۔
ماہرین کے مطابق آر سی بی اس مقابلے میں فیورٹ ہے اور اگر وہ کامیاب ہوتی ہے تو ممبئی انڈینز اور چنئی سپر کنگز کے بعد مسلسل دو آئی پی ایل ٹائٹل جیتنے والی تیسری ٹیم بن جائے گی۔ تاہم گجرات ٹائٹنز کی متوازن ٹیم اور ہوم گراؤنڈ کا فائدہ اس فائنل کو انتہائی دلچسپ اور غیر متوقع بنا سکتا ہے۔
واضح رہےکہ جمعہ کو کھلے گئے میچ میں گجرات ٹائٹنز نے راجستھان رائلز کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی۔ ہے اور اب اس کا مقابلہ اتوار کو رائل چیلنجز بنگالورو سے ہوگا۔