آئی پی ایل 2026 میں اتوار کو دو اہم مقابلے کھیلے گئے، جہاں رائل چیلنجرز بنگلور نے پنجاب کنگز کو 23 رنز سے شکست دے کر پلے آف میں اپنی جگہ پکی کرلی، جبکہ دہلی کیپٹلس نے راجستھان رائلز کو 5 وکٹوں سے ہرا کر اپنی امیدیں برقرار رکھیں۔
رائل چیلنجرز بنگلور اس سیزن میں پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ ٹیم کے اب 13 میچوں میں 18 پوائنٹس ہوچکے ہیں۔ گجرات ٹائٹنز 16 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر جبکہ سن رائزرس حیدرآباد 14 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
دوسری جانب پنجاب کنگز کی لگاتار چھٹی شکست نے ان کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ ٹیم کے اب 13 میچوں میں صرف 13 پوائنٹس ہیں اور پلے آف تک رسائی کے لیے انہیں دیگر نتائج پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔
وینکٹیش آئیر، ویراٹ کوہلی اور دیودت پڈیکل کی شاندار بیٹنگ
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے رائل چیلنجرز بنگلور نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنائے۔
وینکٹیش آئیر نے صرف 40 گیندوں پر 73 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ دیودت پڈیکل نے 25 گیندوں پر 45 رنز اسکور کیے۔ ویراٹ کوہلی نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 37 گیندوں پر 58 رنز بنائے، جس میں 4 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔223 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پنجاب کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز ہی بناسکی۔
پنجاب کی جانب سے ششانک سنگھ نے 56 رنز کی بہترین اننگز کھیلی، جبکہ کوپر کونولی اور مارکس اسٹونیس نے 37، 37 رنز بنائے، لیکن وہ ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکے۔بولنگ میں راسخ سلام نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 36 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ بھونیشور کمار نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دہلی کی جیت، راجستھان کے لیے خطرے کی گھنٹی
دوسرے میچ میں دہلی کیپٹلس کی فتح نے راجستھان رائلز کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا۔ راجستھان کے اب 12 میچوں میں 12 پوائنٹس ہیں اور پلے آف میں پہنچنے کے لیے انہیں اپنے باقی دونوں میچ بڑے مارجن سے جیتنے ہوں گے، جبکہ دیگر ٹیموں کے نتائج بھی ان کے حق میں آنے ضروری ہوں گے۔
چنئی سپر کنگز بھی 12 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے، جبکہ دہلی کیپٹلس 13 میچوں میں 12 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں پوزیشن پر ہے۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرز 11 پوائنٹس کے ساتھ اب بھی پلے آف کی دوڑ میں شامل ہے۔