• News
  • »
  • سیاست
  • »
  • راج ٹھاکرے 12 سال بعد ادھو ٹھاکرے کی یوم پیدائش پر ماتوشری پہنچے،گلے لگا کر مبارکباد دی

راج ٹھاکرے 12 سال بعد ادھو ٹھاکرے کی یوم پیدائش پر ماتوشری پہنچے،گلے لگا کر مبارکباد دی

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Jul 27, 2025 IST     

image
 آج مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ شیو سینا  کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کا یوم پیدائش ہے۔ اس موقع پر مہاراشٹر نو نرمان سینا (ایم این ایس) کے سربراہ راج ٹھاکرے ماتوشری پہنچے اور ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کی اور انہیں یوم پیدائش کی مبارکباد دی۔رپورٹ کے مطابق راج ٹھاکرے 12 سال بعد اپنے کزن ادھو ٹھاکرے کے گھر 'ماتوشری' پہنچے۔ اس سے قبل راج ٹھاکرے نے 2012 میں شیوسینا کے بانی بالاصاحب ٹھاکرے کی موت کے بعد ماتوشری کا دورہ کیا تھا۔
 
راج ٹھاکرے کا پرجوش استقبال:
 
ٹھاکرے برادران کی اس ملاقات کو لے کر سیاسی حلقوں میں چرچا شروع ہو گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے اتوار کی صبح اپنے گھر سے نکلے اور سیدھے ماتوشری پہنچے۔ ایم این ایس لیڈر بالا ناندگاؤںکر بھی راج کے ساتھ تھے۔ راج ٹھاکرے کی گاڑی جب ماتوشری کے گیٹ پر پہنچی تو وہاں موجود شیو سینا ادھو دھڑے کے کارکنوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔رپورٹ کے مطابق شیو سینا (یو بی ٹی) کے ایم پی سنجے راوت نے راج ٹھاکرے کا گیٹ پر استقبال کیا اور انہیں 'ماتوشری' کے اندر لے گئے۔ اس کے بعد ادھو ٹھاکرے نے اپنے بھائی کا استقبال کیا۔ دونوں بھائی ایک دوسرے کے گلے لگ گئے۔ اس کے بعد راج ٹھاکرے نے ادھو ٹھاکرے کو گلاب کا گلدستہ پیش کیا اور انہیں سالگرہ کی مبارکباد دی۔اس کے بعد دونوں بھائی ماتوشری میں بنے اسٹیج پر آئے اور ہاتھ ہلا کر پارٹی کارکنوں کا استقبال کیا۔ راج ٹھاکرے 'ماتوشری' میں 15 سے 20 منٹ تک رہے اور پھر وہاں سے چلے گئے۔
 
ادھو ٹھاکرے اپنی 65 ویں سالگرہ منا رہے ہیں:
 
ادھو ٹھاکرے آج اپنی 65 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ پارٹی کارکنان کی بڑی تعداد ان کی رہائش گاہ ماتوشری پہنچے۔ کئی لیڈران بھی ماتوشری پہنچے اور سابق وزیر اعلیٰ ادھو کو ان کی سالگرہ کی مبارکباد دی۔ انیل پراب اور امباداس دانوے سمیت کئی دوسرے لیڈر ماتوشری پہنچے۔
 
یادرہے کہ رواں ماہ 5 جولائی کو ٹھاکرے برادران نے ممبئی میں ایک مشترکہ ریلی سے خطاب کیا تھا اور کئی سالوں بعد یہ پہلا موقع تھا جب دونوں بھائی ایک ساتھ ایک اسٹیج پر نظر آئے اور مستقبل میں بھی ساتھ رہنے کا پیغام دیا۔ یہ پیش رفت آنے والے دنوں میں مہاراشٹر کی سیاست میں بڑی تبدیلی کا اشارہ دے رہی ہے۔ایسے میں اب جب کہ دونوں بھائی گزشتہ ایک ماہ میں دو بار مل چکے ہیں، قیاس کیا جا رہا ہے کہ بی ایم سی اور شہری انتخابات میں دونوں بھائیوں کے درمیان اتحاد ہو سکتا ہے۔ حالانکہ دونوں پارٹیوں کے کارکنان اس سے پوری طرح خوش ہیں، لیکن اتحاد کو لے کر حتمی فیصلہ راج اور ادھو کو ہی لینا ہے۔