Saturday, August 09, 2025 | 15, 1447 صفر
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • اتراکھنڈ میں راحت و بچاو سرگرمیاں جاری؛مزید تین سو افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ۔ انٹرنیٹ سرویس بحال

اتراکھنڈ میں راحت و بچاو سرگرمیاں جاری؛مزید تین سو افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ۔ انٹرنیٹ سرویس بحال

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Aug 09, 2025 IST     

image
اتراکھنڈ کے آفت زدہ دھرالی اور ہرشیل میں زندگی کی تلاش جاری ہے۔ ریسکیو ٹیم نے دو روز میں مزید 650 افراد کو بحفاظت نکال لیا ہے۔ تاہم اس کے باوجود یہاں مزید تقریباً 300 افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔ انہیں بحفاظت نکالنے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام جاری ہے۔فوج، آئی ٹی بی پی، این ڈی آر ایف اور ضلع انتظامیہ کی ٹیمیں راحت اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہیں۔ ڈاگ اسکواڈز، ڈرونز اور انڈر گراؤنڈ ریڈار سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز کیلئے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ وادی ہرشل میں موبائیل کمیونیکیشن سسٹم بحال کر دیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے کہا کہ جمعرات کو 400 اور جمعہ کو 250 لوگوں کو نکالا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ باقی پھنسے ہوئے لوگوں کو بھی جلد ہی بحفاظت نکال لیا جائے گا۔دھرالی، ہرشل اور اترکاشی کے درمیان کئی مقامات پر سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ تاہم موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز کی بحالی سے امدادی کارروائیوں میں تیزی آنے کی امید ہے۔ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال کرنے کیلئے جنریٹرز کا انتظام کیا جا رہا ہے۔
 
تباہی کے باعث چاردھام یاترا کی رفتار رک گئی:
 
اترکاشی ضلع کے دھرالی اور سانجی گاؤں میں تباہی اور مختلف مقامات پر مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے چار دھام یاترا کی رفتار رک گئی ہے۔ گنگوتری دھام جانے والے یاتریوں کی آمد و رفت گزشتہ تین دنوں سے مکمل طور پر بند ہے۔ بدری ناتھ، کیدارناتھ اور یمونوتری دھام جانے والوں کی تعداد روزانہ ایک ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ریاست میں مسلسل بارش اور آفات کے واقعات کی وجہ سے چار دھام یاترا متاثر ہوئی ہے۔ کیدارناتھ، بدری ناتھ روٹ پر کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ 5 اگست کو دھرالی گاؤں میں پیش آنے والی تباہی کی وجہ سے گنگوتری دھام سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ گنگوتری دھام میں پھنسے چار سو سے زیادہ یاتریوں کو نکال لیا گیا ہے۔ جبکہ گنگوتری جانے کا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ 
 
اس کے ساتھ ہی موسم کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامیہ نے کیدارناتھ یاترا پر جمعہ تک پابندی لگا دی تھی۔ انتظامیہ موسم کے مطابق یاترا کے انعقاد کا فیصلہ کرے گی۔محکمہ سیاحت کی رپورٹ کے مطابق گنگوتری دھام کی یاترا بند ہے۔ دوسرے دھاموں پر جانے والوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ یکم اگست کو چار دھام جانے والوں کی تعداد روزانہ سات سے آٹھ ہزار تھی۔ اب روزانہ ایک ہزار زائرین زیارت کر رہے ہیں۔ موسم صاف ہونے کے بعد چار دھام یاترا پھر سے زور پکڑے گی۔