حیدرآباد کے سنتوش نگر ڈویژن کی نمائندگی کرنے والے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے کارپوریٹر جناب محمد مظفر حسین بدھ 4 جون کی رات انتقال کرگئے۔ ان کی عمر 55 سال تھی۔ محمد مظفر حسین نے بدھ 4 جون, گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جنرل باڈی میٹنگ میں بھی شرکت کی تھی۔
رات کو اچانک دل کا دورہ پڑنے سے ان کا انتقال ہوگیا۔ ان کے انتقال کی خبر ملتے ہی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اور حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے فون پر اطلاع حاصل کی اور مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
تلنگانہ اسمبلی میں AIMIM کے فلور لیڈر اکبر الدین اویسی نے بھی افراد خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ ان کے انتقال کی اطلاع ملتے ہی اراکین قانون ساز اسمبلی، مجلس کارپوریٹر، سابق کارپوریٹر، ابتدائی مجلس انچارج، سرگرم مجلس کارکنان مرحوم کے گھر پہنچے اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔
جنازہ کی نماز جمعرات کو بعد نماز ظہر مسجد معراج چنچل گوڑہ میں ادا کی جائے گی۔ تدفین سلطان دائرہ چنچل گوڑہ میں ہوگی۔