آندھراپردیش کے وجیا نگرم ضلع میں ایک وین نے ٹرک کو ٹکردے دی۔ اس حادثہ میں تین افراد ہلاک اور 13 زخمی ہو گئے۔ حادثہ آدھی رات کو چیلورو کے قریب اس وقت پیش آیا جب ٹرک ایک وین سے ٹکرا گیا۔ حادثے میں ایک لڑکے سمیت 3 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ 13 زخمی ہوگئے۔
3ہلاک13زخمی
پولیس کے مطابق تیز رفتار ٹرک وین کو تقریباً 500 میٹر تک گھسیٹتا رہا۔ وشاکھاپٹنم اور وجیا نگرم اضلاع کے تین خاندانوں سے تعلق رکھنے والے سولہ افراد اس وین میں پڑوسی ریاست اڈیشہ کے رائےگڈا میں مججی گوراما مندر کے درشن کے لیے جا رہے تھے۔ مہلوکین کی شناخت چنتاپلی رام بابو عرف رامانائیڈو (50)، ماجی نارائن راؤ (50) اور بی موہن نائیڈو (8) کے طور پر کی گئی ہے۔ زخمیوں کو وجیا نگرم کے ایک سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ان میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
ضلع کرشنا:ایک شخص ہلاک خاتون زخمی
اس دوران ضلع کرشنا میں ایک اور حادثہ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ یہ حادثہ منگل کی علی الصبح چنئی-کولکتہ ہائی وے پر بومالورو کے قریب پیش آیا۔ پولیس کے مطابق ایک کار کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ کار چلانے والے شخص کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جب کہ اس کے ساتھ بیٹھی اس کی بیوی زخمی ہوگئی۔ متوفی کی شناخت راجامہندراورم میں تروملا تعلیمی اداروں کے منیجنگ ڈائریکٹر نونا سریش کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ جوڑا وجئے واڑہ سے راجا مہندراورم جا رہا تھا۔ پولیس نے زخمی خاتون کو قریبی اسپتال منتقل کردیا۔
چتور میں حادثہ 3افراد ہلاک، 5زخمی
سڑک کے کنارے کھڑے پینے کے پانی کے ٹینکر اور مخالف سمت سے آنے والی ایک دو پہیہ گاڑی سے ٹکرانے سے تین لوگوں کی موت ہو گئی۔ یہ حادثہ چتور ضلع کے شانتی پورم منڈل میں پیش آیا۔ پیر کو، مقامی لوگ کپم-پالمانیرو قومی شاہراہ پر کڈاپلے میں سڑک کے کنارے کھڑے ٹینکر سے پانی حاصل کر رہے تھے۔ اسی دوران ایک دو پہیہ گاڑی بھی اس راستے سے گزر رہی تھی۔ اسی دوران مخالف سمت سے تیز رفتار ٹمپو نے ٹینکر اور بائک کو ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں بیرانکپم کے سندرپا (60)، اس کا رشتہ دار منی وینکٹما (55) جو دو پہیہ گاڑی پر سوار تھا اور ٹینکر کے پاس کھڑا پانچ سالہ لڑکا ساتوک اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ ٹینکر سے پانی حاصل کرنے والے پانچ دیگر افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو مقامی لوگوں نے کپم اسپتال لے جایاگیا۔ ان میں سے ایک کو تروپتی لے جایا گیا کیونکہ اس کی حالت نازک تھی۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور مقدمہ درج کرلیا۔
بس درخت سے ٹکرائی 12زخمی
تلنگانہ میں ایک اور حادثے میں روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بس درخت سے ٹکرانے سے 12 مسافر زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ جگتیال ضلع کے میٹ پلی پولیس اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (TGSRTC) کی بس نظام آباد سے ورنگل جا رہی تھی۔
بظاہر بس ڈرائیور نے کنٹرول کھو دیا اور سڑک کنارے درخت سے ٹکرایا۔ زخمیوں کو میٹ پلی کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ تحقیقات جاری ہیں۔