Monday, May 25, 2026 | 07 ذو الحجة 1447
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • تلنگانہ میں شدید گرمی اور لو کی لہر نے مچائی تباہی ،27 مئی تک شدید گرم ہوائیں چلنے کا امکان

تلنگانہ میں شدید گرمی اور لو کی لہر نے مچائی تباہی ،27 مئی تک شدید گرم ہوائیں چلنے کا امکان

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: May 24, 2026 IST

تلنگانہ میں شدید گرمی اور لو کی لہر نے مچائی تباہی ،27 مئی تک شدید گرم ہوائیں چلنے کا امکان
تلنگانہ میں شدید گرمی اور لو کی لہر نے تباہی مچادی ہے۔ ریاست میں  گزشتہ تین دنوں میں  لو لگنے  سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 107 تک پہنچ گئی ہے۔ ذرائع  کے  مطابق سب سے زیادہ اموات متحدہ ورنگل ضلع میں رپورٹ ہوئیں۔ جہاں جمعرات کے روز 23 افراد ہلاک ہوگئے۔ ریاست کے 32 اضلاع میں درجہ حرارت 40 سے 46 ڈگری سیلسیس کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔بھدرا دری۔جگتیال۔سوریہ پیٹ۔ کھمم۔ منچریال اضلاع میں  درجہ حرارت  46 ڈگری سے بھی تجاوز کرگیا۔ 
 
جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔محکمہ موسمیات نے پیش  قیاسی  کی کہ 27 تاریخ تک شدید گرم ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
 
اسکے علاوہ بھارت کی کئی ریاستوں میں بھی شدید گرمی اور جھلسادینے والی گرم ہواؤں کا جان لیوا دور دیکھنے کو ملا، جس کی وجہ سے متعدد علاقوں میں پارہ 44 ڈگری سیلسیس کے پار پہنچ گیا  ہے۔ مہاراشٹر کا علاقہ برہم پور ہفتے کے روز ملک کا گرم ترین مقام رہا، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 47.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
 
وہیں، نجی موسماتی ایجنسی (AQI) کے چونکا دینے والے اعداد و شمار کے مطابق، اس وقت دنیا کے 50 سب سے گرم شہروں کی فہرست میں اکیلے بھارت کے 37 شہر شامل ہیں۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے بھارتی محکمہ موسمیات (IMD) نے اتوار کے روز اتر پردیش، بہار، دہلی اور پنجاب سمیت ملک کی 19 ریاستوں میں تیز آندھی طوفان اور شدید لو (Heatwave) چلنے کا الرٹ جاری کیا  ہوا ہے۔
 
مانسون کے حوالے سے کیا ہے اپڈیٹ؟
 
شدید گرمی کے بیچ ایک راحت کی خبر یہ ہے کہ جنوب مغربی مانسون اب دھیرے دھیرے اپنی منزل کی طرف آگے بڑھ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، 23 مئی تک مانسون نے بحیرہ عرب، خلیج بنگال اور جزائر انڈمان و نکوبار کے ایک بڑے حصے کو اپنے دائرے میں لے لیا ہے۔ موسماتی ماہرین کا اندازہ ہے کہ اگلے چند دنوں میں مانسون کے مزید آگے بڑھنے کے لیے حالات سازگار ہیں۔ اس کے اثر سے کیرلا، لکشدیپ، تمل ناڈو اور شمال مشرقی بھارت کی کچھ ریاستوں میں تیز بارش ہونے کا امکان بنا ہوا ہے۔
 
مختلف ریاستوں میں موسم کا حال اور الرٹ:
 
یوپی میں موسم کے دو الگ الگ رنگ دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے ریاست کے مغربی حصوں میں آندھی طوفان کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، جبکہ مشرقی علاقوں میں شدید لو کا قہر جاری رہے گا۔ انتظامیہ نے ریاست کے 10 اضلاع میں لو کا 'ریڈ الرٹ' اور 22 اضلاع میں 'اورنج الرٹ' جاری کیا ہے۔
 
اسکے علاوہ  راجستھان کے 18 اضلاع میں آج جھلسانے والی گرم ہوائیں چلیں گی۔ وہیں بہار کے 4 اضلاع میں لو کی چیتوانی ہے، جبکہ 5 اضلاع میں ہلکی بوندا باندی سے کچھ راحت مل سکتی ہے۔ساتھ ہی ایم پی کے 4 اضلاع میں شدید گرمی کو دیکھتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
 
دہلی میں اگلے 2 دن لو کا ستم، 25 مئی سے راحت کے آثار:
 
ملک کے دارالحکومت دہلی میں ہفتے کی صبح ہونے والی ہلکی بارش سے موسم تھوڑا خوشگوار ضرور ہوا تھا، لیکن دن چڑھنے کے ساتھ ہی تیز دھوپ نے لوگوں کو بے حال کر دیا۔ محکمہ موسمیات نے آج دہلی کے کئی علاقوں میں لو چلنے کی وارننگ ہے، جس سے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ دہلی والوں کو اگلے دو دن ایسی ہی تپیش جھیلنی پڑے گی، تاہم 25 مئی سے موسم کروٹ لے سکتا ہے اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش ہونے سے درجہ حرارت میں گراوٹ آ سکتی ہے۔