• News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • پرتاپ گڑھ میں 100سالہ قدیم مکان گرنے سے 6 افراد ہلاک

پرتاپ گڑھ میں 100سالہ قدیم مکان گرنے سے 6 افراد ہلاک

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Aug 06, 2026 IST

 پرتاپ گڑھ میں 100سالہ قدیم مکان گرنے سے 6 افراد ہلاک
اترپردیش کےضلع پرتاپ گڑھ کے کوتوالی تھانہ علاقے کے تحت مہولی علاقے میں جمعرات کی صبح موسلا دھار بارش کے دوران تقریباً 100 سال پرانا مکان منہدم ہونے سے ایک ہی خاندان کے چھ افراد ہلاک اور ایک فرد زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق خاندان کے ساتوں افراد ایک ہی کمرے میں سو رہے تھے کہ اچانک  مکان کا ڈھانچہ گرگیا جس سے وہ ملبے تلے دب گئے۔ اور زندہ دفن ہوگئے۔ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آپریشن شروع کیا اور ملبے سے متاثرین کو نکالا۔ ایک زخمی کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ مہلوکین میں ایک جوڑا، ان کا بیٹا، بہو اور دو بچے شامل ہیں۔

زندہ بچ جانے والےشخص کابیان

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے زخمی بچ جانے والے امن سریواستو نے سانحہ کا ذکر کیا۔ "جب میں بیدار ہوا تو میں نے محسوس کیا کہ میں ملبے کے نیچے دب گیا ہوں۔ میں کسی طرح باہر نکلنے میں کامیاب ہوا اور دیکھا کہ میرے خاندان کے تمام افراد پھنسے ہوئے ہیں۔ میں نے پہلے خود انہیں بچانے کی کوشش کی لیکن میں اس میں کامیاب نہیں ہوا ، اس لیے میں نے مدد کے لیے  لوگوں کو آواز دی ۔ گھر والے، پڑوسی اور دیگر لوگ موقع پر جمع ہو گئے۔ ہم ساتوں افراد ایک ہی کمرے میں سو رہے تھے، میرے ماں باپ اور میرے دو چھوٹے بچے ایک ہی کمرے میں سو رہے تھے۔ مجھے بچ گیا ، لیکن وہ سب مر گئے۔"

 حادثہ پر پڑوسی کا بیان 

پڑوسی پونم سریواستو نے بتایا کہ سارا خاندان سو رہاتھا  کہ  اچانک چھت گرگیا۔ انہوں نے کہا کہ "اوپری منزل سے ملبہ نیچے کی منزل پر آ گیا، جس سے سبھی لوگ سو رہے تھے، گھر کے اندر پھنس گئے۔ خاندان کے سات افراد گھر کے اندر تھے۔ ایک شخص کو زندہ بچا لیا گیا، جب کہ دو بچوں سمیت چھ افراد کی موت ہو گئی۔"مرنے والوں کی شناخت پرمود سریواستو، ریتا سریواستو، نتن سریواستو، مادھوری سریواستو، مادھو اور نوجوان اڈویک کے طور پر کی گئی ہے۔

سرکل آفیسر آشوتوش مشرا کا بیان 

سرکل آفیسر آشوتوش مشرا نے بتایا کہ رات  تقریباً 2 بجے کوتوالی پولیس اسٹیشن کو گرنے کی اطلاع ملی۔انہوں نے کہا، "پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچی، ملبہ ہٹایا، اور تمام متاثرین کو ضلع اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان میں سے چھ کو مردہ قرار دیا"۔پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے بعد ازاں ملبہ ہٹا کر بحالی کی کارروائیاں مکمل کر لیں۔ زخمی ہونے والا شخص زیر علاج ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

موسلا دھار بارش سے مکان گرنے کا شبہ

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ابھیشیک پانڈے نے کہا کہ یہ گھر پرمود سریواستو کا تھا اور ابتدائی نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ کمرہ گرا کیونکہ اس کی چھت پرانی تعمیراتی تکنیک سے بنائی گئی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بدھ کے بعد سے ہونے والی شدید بارشوں کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اس نے  قدیم ڈھانچہ کو کمزور کر دیا ہے۔پانڈے نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے لواحقین کو یقین دلایا ہے کہ تمام اہل سرکاری فوائد اور امدادی اقدامات 24 گھنٹوں کے اندر فراہم کیے جائیں گے۔اس سانحے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے غیر محفوظ تعمیرات کی نشاندہی اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے خستہ حال مکانات اور عمارتوں کا آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سی ایم یوگی نے ریلیف کا اعلان کیا

اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے جانوں کے ضیاع کو انتہائی افسوسناک قرار دیا اور سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے سینئر حکام کو ہدایت دی کہ وہ امدادی کاموں میں تیزی لائیں، زخمیوں کے مناسب علاج کو یقینی بنائیں اور ہر ممکن مدد فراہم کریں۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ضلع مجسٹریٹ نے لواحقین کو مالی امداد دی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ  مہلوکین کے رشتہ داروں کے لئے معاوضہ کا اعلان کیا گیا ہے۔ فی کس 4 لاکھ روپے امداد دی جائےگی۔