• News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • تلنگانہ میں دو الگ الگ سڑک حادثات، 6 افراد ہلاک، کئی زخمی

تلنگانہ میں دو الگ الگ سڑک حادثات، 6 افراد ہلاک، کئی زخمی

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jun 18, 2026 IST

تلنگانہ میں دو الگ الگ سڑک حادثات، 6 افراد ہلاک، کئی زخمی
تلنگانہ میں پیش آئے دو الگ الگ سڑک حادثات میں چھ افراد کی موت واقع ہوگئی، جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ پولیس نے دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
 
پہلا حادثہ جنگاؤں ضلع کے لنگالا گھن پورم منڈل کے نیلّٹلہ فلائی اوور برج کے قریب پیش آیا۔ ہنمکنڈہ۔حیدرآباد قومی شاہراہ پر ایک تیز رفتار لاری نے سڑک کنارے کھڑی بولیرو گاڑی کو پیچھے سے زور دار ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی  ہلاک ہوگئے۔

 گاڑی کا ٹائر پنکچربنانے کے دوران حادثہ 

پولیس کے مطابق دیوروپّلا منڈل کے رہنے والے جات روہت (22) حیدرآباد سے سامان لے کر بولیرو گاڑی میں واپس آ رہے تھے۔ نیلّٹلہ فلائی اوور کے قریب گاڑی کا ٹائر پنکچر ہوگیا، جس پر انہوں نے اپنے ڈرائیور کو جیک لانے کے لیے کہا۔

مدد کے لئےآنے والے افراد بھی ہلاک 

اسی دوران گنڈالا منڈل کے رہنے والے ڈرائیور کے ساتھ روہت گاڑی کی مرمت میں مصروف تھے کہ دنتال پلی منڈل کے دونیکینی راجیندر (27) اپنی لاری سے وہاں پہنچے اور مدد کے لیے سڑک کنارے رک گئے۔ تینوں افراد بولیرو کے قریب کھڑے تھے کہ پیچھے سے آنے والی تیز رفتار لاری نے بولیرو کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں تینوں افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ لاری ڈرائیور زخمی ہوگیا۔
 
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے جنگاؤں منتقل کیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

 حادثہ میں ایک ہی خاندان کے تین افراد کی موت 

دوسرا حادثہ حیدرآباد کے مضافاتی علاقے میں راجیو رہاداری پر ترک پلی کے قریب مرہری پلی میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق کریم نگر سے حیدرآباد کی سمت تیز رفتاری سے آنے والی ایک کار بے قابو ہوکر ڈیوائیڈر پر چڑھ گئی اور سامنے سے آنے والی لاری سے ٹکرا گئی۔
 
ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں کار میں سوار ایک ہی خاندان کے تین افراد موقع پر ہی  ہلاک  ہوگئے۔ پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کےلئے اسپتال منتقل کر دیا۔ معاملہ درج کر لیا گیا ہے۔ جانچ جاری ہے۔
 
پولیس حکام نےعوام سے اپیل کی ہے کہ سفر کے دوران رفتار پر قابو رکھیں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تاکہ ایسے المناک حادثات سے بچا جا سکے۔