منصف ٹی وی کے خصوصی پروگرام "ہیلتھ اور ہم" میں آج اسٹروک (فالج ) کے موضوع پر ایک اہم اور معلوماتی نشست پیش کی گئی، جس میں معروف نیورولوجسٹ اور نیوروسونولوجسٹ ڈاکٹر کومل بوہرا، سینئر کنسلٹنٹ، کیئرہاسپٹل، نامپلی، حیدرآباد نے اسٹروک کی وجوہات، علامات، علاج اور اس سے بچاؤ کے طریقوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
ڈاکٹرکومل بوہرا نے بتایا کہ اسٹروک ایک ایسی طبی ایمرجنسی ہے جس میں دماغ کے کسی حصے تک خون کی روانی متاثر ہو جاتی ہے یا خون کی نالی پھٹ جاتی ہے، جس کے نتیجے میں دماغی خلیات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹروک کے معاملے میں بروقت علاج انتہائی اہم ہوتا ہے، کیونکہ چند گھنٹوں کی تاخیر بھی مریض کی صحت پر سنگین اثر ڈال سکتی ہے۔
انہوں نے اسٹروک کی اہم وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہائی بلڈ پریشر، ذیابطیس، کولیسٹرول کی زیادتی، سگریٹ نوشی، موٹاپا، دل کی بیماریاں اور غیر صحت مند طرز زندگی اس کے بڑے خطرات میں شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بعض افراد میں دل کی دھڑکن کی بے قاعدگی (Atrial Fibrillation) بھی اسٹروک کا سبب بن سکتی ہے۔
پروگرام میں اسٹروک کی علامات کے بارے میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر نے عوام کو آگاہ کیا کہ اگر اچانک چہرے کے ایک حصے میں کمزوری یا ٹیڑھا پن، ہاتھ یا پیر میں کمزوری یا سن ہونا، بولنے میں دشواری، شدید سر درد، چکر آنا یا چلنے میں توازن کا مسئلہ پیدا ہو تو فوری طبی مدد حاصل کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹروک کی شناخت کے لیے FAST طریقہ یاد رکھنا مفید ہے، جس میں Face (چہرے کی کمزوری)، Arm (بازو کی کمزوری)، Speech (بولنے میں دقت) اور Time (فوری علاج کا وقت) شامل ہیں۔
علاج کے حوالے سے ڈاکٹر کومل بوہرا نے بتایا کہ جدید طبی سہولیات کے ذریعے کئی مریضوں کو بروقت علاج فراہم کیا جا سکتا ہے۔ خون کے لوتھڑے کو ختم کرنے والی ادویات (Clot-busting medicines) اور بعض پیچیدہ معاملات میں جدید طریقہ علاج جیسے Mechanical Thrombectomy کے ذریعے مریض کی جان بچائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے اسٹروک سے بچاؤ کے لیے طرز زندگی میں تبدیلیوں پر زور دیا۔ ان کے مطابق بلڈ پریشر اور شوگر کو کنٹرول میں رکھنا، متوازن غذا، باقاعدہ ورزش، سگریٹ اور تمباکو سے پرہیز اور باقاعدہ طبی معائنہ اسٹروک کے خطرے کو کم کر سکتا ہے۔
پروگرام کے دوران ڈاکٹر نےعوام کو مشورہ دیا کہ اسٹروک کو معمولی مسئلہ نہ سمجھیں اورعلامات ظاہر ہوتے ہی فوری طور پر اسپتال پہنچیں، کیونکہ بروقت علاج مریض کی زندگی اور صحت دونوں کے لیے فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔
منصف ٹی وی کا پروگرام "ہیلتھ اور ہم" صحت سے متعلق اہم موضوعات پرعوامی آگاہی کے لیے مسلسل معلوماتی گفتگو پیش کرتاہے۔
قارئین آپ موضوع پر ڈاکٹر کی مکمل گفتگو یہاں دیکھ سکتےہیں۔