تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں آئندہ دو دنوں کے دوران بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے حکام کے مطابق ریاست کے کئی علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور ہلکی سے اوسط درجے کی بارش متوقع ہے، جس سے شدید گرمی سے وقتی راحت مل سکتی ہے۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ بارش کے دوران 40 سے 50 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ حکام کے مطابق حیدرآباد سمیت بھدرادری کتہ گوڑم، نلگنڈہ، رنگا ریڈی، میڑچل ملکاجگیری، سنگاریڈی، وقارآباد، میدک، کاماریڈی، محبوب نگر، ناگر کرنول، ونپرتی اور جوگولامبا گدوال اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ نے شہریوں کو خراب موسم کے دوران احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔ خاص طور پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے وقت غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
دوسری جانب محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دو دن بعد ریاست بھر میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ اسی پیش نظر کئی اضلاع کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے تاکہ عوام کو شدید گرمی اور لو سے محفوظ رکھا جا سکے۔
حکام کے مطابق آج متحدہ عادل آباد اور جگتیال اضلاع کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کومرم بھیم آصف آباد، منچریال، پداپلی، کھمم اور کریم نگر اضلاع میں آج اور کل شدید لو چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے عوام کو دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، زیادہ پانی پینے اور گرمی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق موسمی تبدیلیوں کے باعث ریاست میں کبھی بارش اور کبھی شدید گرمی جیسی صورتحال دیکھی جا رہی ہے۔