مہاراشٹر کے ضلع رائے گڑھ میں مسلسل اور شدید بارش کے باعث ایک بڑا حادثہ پیش آیا، جہاں Khalapurمیں واقع ہندوستان پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ (HPCL) کے ایل پی جی بوٹلنگ پلانٹ سے تقریباً 3,000 ایل پی جی سلنڈر سیلابی پانی میں بہہ گئے۔ بعد میں ان میں سے کئی سلنڈر دریائے پاتال گنگا (Patal ganga) میں تیرتے ہوئے دیکھے گئے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق یہ سلنڈر کھالاپور کے چھاوانے(Chawane)علاقے میں واقع HPCL کے بوٹلنگ پلانٹ میں رکھے ہوئے تھے۔ مسلسل موسلا دھار بارش کے باعث پلانٹ میں سیلابی پانی داخل ہو گیا، جس سے ہزاروں سلنڈر پانی کے بہاؤ کے ساتھ بہہ کر دریا میں چلے گئے۔
اس واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی سامنے آئیں، سیلاب میں بڑی تعداد میں سلنڈر تیرتے ہوئے دکھائی دیے۔ اطلاعات کے مطابق کچھ سلنڈر دریا کے کنارے آ کر رک گئے، جہاں چند مقامی لوگوں نے انہیں اپنے قبضے میں لے لیا۔
واقعے کے بعد رائے گڑھ کے ضلع کلکٹر نے عوام سے اہم اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کو کوئی سلنڈر ملا ہے تو وہ اسے اپنے پاس نہ رکھے بلکہ فوری طور پر قریبی تحصیلدار کے دفتر یا متعلقہ ایل پی جی ڈیلر کے حوالے کر دیں۔
انتظامیہ نے لوگوں کو سختی سے خبردار کیا ہے کہ ان سلنڈروں کو استعمال کرنے یا گھر لے جانے کی کوشش نہ کریں، کیونکہ ابھی یہ معلوم نہیں کہ ان میں گیس موجود ہے یا نہیں اور یہ کس حالت میں ہیں۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ سیلاب میں بہہ کر آنے والے ایل پی جی سلنڈروں کو استعمال یا کھولنے کی کوشش نہ کی جائے، کیونکہ ان سے آگ لگنے یا دھماکا ہونے کا خدشہ ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ واقعہ شدید بارش کی وجہ سے پیش آیا، جس نے پورے بوٹلنگ پلانٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور سلنڈروں کو بہا لے گیا۔
فی الحال متعلقہ محکمے پورے معاملے کی جانچ کر رہے ہیں اور بہہ جانے والے سلنڈروں کو واپس جمع کرنے کی کوشش جاری ہے۔ انتظامیہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔
حکام نے بتایا کہ اس واقعے میں اب تک کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی،ابھی بھی احتیاطی اقدامات جاری ہیں اور عوام سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔