• News
  • »
  • قومی
  • »
  • پوری رتھ یاترا: شہر میں ہائی سکیورٹی انتظامات

پوری رتھ یاترا: شہر میں ہائی سکیورٹی انتظامات

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Afreen Begum | Last Updated: Jul 16, 2026 IST

پوری رتھ یاترا: شہر میں ہائی سکیورٹی انتظامات
 
اڈیشہ کے شہر پوری(Puri) میں بھگوان جگن ناتھ کی سالانہ رتھ یاترا آج سخت سکیورٹی انتظامات کے ساتھ تیار ہے۔ حکومت کو لاکھوں عقیدت مندوں کی آمد کی توقع ہے، جبکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے شدید بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔ اسی وجہ سے ریاستی حکومت نے سکیورٹی، ٹریفک، ہجوم پر قابو پانے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔
 
سکیورٹی کے لیے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر 
کرائم برانچ کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) بٹولا گنگادھر نے بتایا کہ رتھ یاترا کے لیے ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا انتظام کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پورے شہر میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ٹریفک اور ہجوم کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ تمام مقامات کو نگرانی کے دائرے میں رکھا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق، فیشل ریکگنیشن سسٹم (FRS) بھی استعمال کیا جا رہا ہے، جس کی مدد سے مشتبہ افراد کی شناخت اور ہجوم پر گہری نظر رکھی جائے گی - ڈی آئی جی نے بتایا کہ اس نظام میں مصنوعی ذہانت (AI) اور مشین لرننگ کی ٹیکنالوجی بھی شامل ہے، جس سے نگرانی اور ٹریفک کا نظام مزید بہتر ہو گا ۔
 
بارش کے لیے سخت انتظامات جاری
رتھ یاترا سے پہلے پوری (Puri) میں 143.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے جمعرات کے لیے شدید بارش اور گرج چمک کی ریڈ وارننگ جاری کی ہے۔ بارش سے تحفظ کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ رتھ یاترا بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہ سکے۔پوری کے کلکٹر ڈی جے پریڈا نے بتایا کہ گرینڈ روڈ پر جمع ہونے والا پانی نکالنے کے لیے پمپس کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
 
تینوں رتھ جلوس کے لیے تیار
شری جگن ناتھ مندر انتظامیہ (SJTA) کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ تین لکڑی کے رتھ - بھگوان بالابھدرکا  'تلادواجا' دیوی سبھدرا کا 'درپدالن' اور بھگوان جگن ناتھ کے 'نندیگھوش' کو جلوس کے لیے جگن ناتھ مندر کے مرکزی دروازے پر لے جایا گیا ہے۔یہ رتھ شری جگن ناتھ مندر سے تقریباً 2.6 کلومیٹر دور واقع شری گنڈیچہ مندر تک لے جائے  گے، جہاں عقیدت مند انہیں کھینچیں گے۔
 
تمام متعلقہ ادارے تعینات
ایس جے ٹی اے کے چیف ایڈمنسٹریٹر اربیندا پادھی(Arabinda Padhee) نے کہا کہ انتظامیہ نے رتھ یاترا کے پرامن اور تحفظ  کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر ریاستی پولیس، مرکزی مسلح افواج، ہندوستانی بحریہ، کوسٹ گارڈ اور دیگر سرکاری محکمے مل کر سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔اربیندا پادھی نے اڈیشہ کے گورنر ہری بابو کمبھمپتی(Kambhampati) سے ملاقات کر کے انہیں انتظامات سے آگاہ کیا اور رتھ یاترا میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
 
13 ہزار پولیس اہلکار اور این ایس جی کمانڈوز تعینات
اے ڈی جی (لا اینڈ آرڈر) سنجے کمار نے کہا کہ مرکزی مسلح افواج کی 15 کمپنیوں، این ایس جی کے کمانڈوز، اور سمندر کے ساحل پر 500 لائف گارڈز کے ساتھ تقریباً 13,000 پولیس اہلکار پہلے سے ہی تعینات ہیں۔
 
عقیدت مند شام 4 بجے رتھ کھینچنا شروع کریں گے
شیڈول کے مطابق، صبح 9 بجے سے دوپہر 1 بجے کے درمیان دیوتاؤں کی مورتیوں کو مندر سے نکال کر رتھوں پر بٹھایا جائے گا۔اس کے بعد پوری کے گجپتی مہاراجہ روایتی رسم کے تحت رتھوں کو جھاڑو دیں گے، جبکہ پوری شنکراچاریہ سوامی نِسچلانند(Nischalananda) سرسوتی بھی اس موقع پر موجود ہوں گے۔
 

بھگدڑ سے بچنے کے لیے خصوصی اقدامات

اے ڈی جی سومیندر کے پریادرشی نے کہا کہ کسی بھی بھگدڑ جیسی صورتحال سے بچنے کے لیے خصوصی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ انسداد تخریب کاری ٹیمیں، بم اسکواڈز اور کینائن اسکواڈز کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ گزشتہ سال رتھ یاترا کے دوران بھگدڑ میں تین افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
انہوں نے تمام افسران سے اپیل کی کہ وہ صرف سرکاری ملازم کے طور پر نہیں بلکہ بھگوان جگن ناتھ کے خدمت گزار کے طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ ادھر اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ موہن چرن اور ریاستی حکومت کے کئی وزراء بھی پوری میں موجود ہیں اور رتھ یاترا کے انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔