اتر پردیش کے ضلع لکھیم پور کھیری میں ایک ہولناک سڑک حادثے نے کئی خاندانوں کو غم میں مبتلا کر دیا۔ ایشا نگر تھانہ علاقے کے اونچا گاؤں کے قریب پیش آنے والے اس دردناک حادثے میں 9 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 4 دیگر شدید زخمی ہو گئے۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب مزدوروں سے بھری ایک میجک مسافر گاڑی لکھیم پور سے سیسایا کی جانب جا رہی تھی۔ اسی دوران مخالف سمت سے آنے والے ایک تیز رفتار ٹرک نے گاڑی کو زور دار ٹکر مار دی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ موقع پر چیخ و پکار مچ گئی اور ہر طرف افراتفری پھیل گئی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ کھمریا کے سرکل آفیسر شمشیر بہادر کے مطابق حادثے میں ملوث ٹرک کو قبضے میں لے لیا گیا ہے، تاہم ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس اس کی تلاش میں مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔
تمام مسافر مزدور تھے
پولیس کے مطابق میجک گاڑی میں سوار تمام افراد مزدور تھے جو لکھیم پور میں روزانہ کی مزدوری مکمل کرنے کے بعد اپنے آبائی علاقے نانپارہ واپس جا رہے تھے۔ حادثہ پیلی بھیت-بستی ہائی وے پر ادلیس پور گاؤں کے قریب پیش آیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق علاج کے لیے لائے گئے دس افراد میں سے نو دم توڑ چکے ہیں۔ جاں بحق افراد میں سات مرد اور دو خواتین شامل ہیں۔ پولیس اب تک متوفین کی شناخت مکمل کرنے میں مصروف ہے جبکہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ضلع اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا اظہار افسوس
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ اور پولیس حکام کو فوری طور پر راحت اور بچاؤ کام تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد یقینی بنانے کا بھی حکم دیا ہے۔ فی الحال جائے حادثہ پر صورتحال کشیدہ ہے، اگرچہ پولیس نے سڑک پرٹریفک بحال کر دی ہے۔ واقعے کے حوالے سے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور فرار ٹرک ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔