Wednesday, August 05, 2026 | 19 صفر 1448
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • گریٹر نوئیڈا: دیوار اور لوہے کی شہتیر گرنے سے دو فائر اہلکار ہلاک ،تین زخمی

گریٹر نوئیڈا: دیوار اور لوہے کی شہتیر گرنے سے دو فائر اہلکار ہلاک ،تین زخمی

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Afreen Begum | Last Updated: Aug 04, 2026 IST

گریٹر نوئیڈا: دیوار اور لوہے کی شہتیر گرنے سے دو فائر اہلکار ہلاک ،تین زخمی
گریٹر نوئیڈا میں ایک الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ فیکٹری میں لگنے والی شدید آگ نے ایک افسوسناک حادثے میں تبدیل ہو گئی ، جہاں آگ بجھانے کے دوران دو فائر فائٹرز اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ تین دیگر اہلکار زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق یہ واقعہ منگل کے روز پیش آیا، جب فائر بریگیڈ کی ٹیمیں آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہی تھی۔
 
حکام کے مطابق آگ 3 اور 4 اگست کےدرمیان گریٹر نوئیڈا کے "Ecotech-3" صنعتی علاقے میں واقع "ILGIM "کمپنی میں لگی۔ اس فیکٹری میں الیکٹرانک چپس تیار کی جاتی ہیں۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور فائر بریگیڈ کو فوری طور پر اطلاع دی گئی، جس کے بعد 10 فائر ٹینڈرز موقع پر روانہ کیے گئے۔ فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کا کام شروع کیا اور کافی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔
 
 فیکٹری کی ایک سائیڈ کی دیوار اور اس کے ساتھ موجود لوہے کا بھاری شہتیر اچانک گر گیا، جس کے نتیجے میں فائر سروس کے پانچ اہلکار ملبے کے نیچے پھنس گئے۔ موقع پر موجود دیگر اہلکاروں نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور تمام زخمیوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا۔
حادثے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل ڈرائیور راجپال سنگھ، فائر مین منیش کمار، ہیڈ کانسٹیبل ڈرائیور تیرتھ پال سنگھ، فائر مین امیت کمار اور فائر مین روہت یادو کے طور پر ہوئی ہے۔ اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے فائر مین روہت یادو اور ہیڈ کانسٹیبل ڈرائیور تیرتھ پال سنگھ کو مردہ قرار دے دیا۔ دوسری جانب باقی تین زخمی اہلکاروں کا علاج جاری ہے۔ حکام کے مطابق ان کی حالت مستحکم ہے اور وہ خطرے سے باہر ہیں۔
 
واقعے کے بعد سٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی ٹیمیں اور سینئر پولیس افسران بھی جائے وقوع پر پہنچ گئے۔ متعلقہ اداروں نے علاقے کا جائزہ لیا اور مزید کاروائی شروع کر دی ہے تاکہ حادثے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ متعلقہ محکمے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ یہ پتہ چلایا جا سکے کہ آگ کیسے لگی اور ریسکیو آپریشن کے دوران دیوار اور لوہے کا شہتیر گرنے کی اصل وجہ کیا تھی۔ اس افسوسناک حادثے میں دو فائر فائٹرز نے اپنی ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے جان کی قربانی دی، جبکہ تین دیگر اہلکار زخمی ہوئے، جن کا علاج جاری ہے۔ واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد ہی آگ لگنے اور حادثے کی اصل وجوہات سامنے آ سکیں گی۔