اتر پردیش میں ایک بار پھر مانسون کی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ شمال مغربی خلیج بنگال میں بننے والے کم دباؤ کے علاقے کے اثر سے ریاست کے مشرقی اور جنوب مشرقی اضلاع میں بارش کا نیا دور شروع ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے 24 اگست کو پریاگ راج اور وارانسی سمیت 26 اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی وارننگ جاری کی ہے، جبکہ 6 اضلاع میں شدید بارش کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، آج یوپی کے بیشتر علاقوں میں آسمان پر بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔ مغربی اتر پردیش کے کچھ علاقوں میں ہلکی بوندا باندی ہوسکتی ہے، تاہم پوروانچل میں مانسون کا اثر زیادہ نمایاں رہے گا۔ کئی مقامات پر تیز بارش کے ساتھ گرج چمک بھی دیکھی جا سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کے مختلف حصوں میں 29 اگست تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
پریاگ راج اور وارانسی سمیت 6 اضلاع میں شدید بارش کا الرٹ
محکمہ موسمیات نے پریاگ راج، وارانسی، مرزا پور، سون بھدر، چندولی اور سنت روی داس نگر میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ ان اضلاع میں کئی مقامات پر تیز بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ باندہ، چترکوٹ اور کوشامبی میں بھی بیشتر مقامات پر بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش
محکمہ موسمیات کے مطابق جھانسی، مہوبہ، ہمیر پور، للت پور، فتح پور، پرتاپ گڑھ، جونپور، غازی پور، بہرائچ، شراوستی، بلرام پور، سدھارتھ نگر، مہاراج گنج، کشی نگر، دیوریا، گورکھپور اور سنت کبیر نگر میں کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔لکھنؤ، بارہ بنکی، رائے بریلی، امیٹھی، سیتا پور، لکھیم پور کھیری، اناؤ، کانپور، جالون، ایودھیا، گونڈا، بستی، سلطان پور، امبیڈکر نگر، اعظم گڑھ، مئو اور بلیا کے کچھ علاقوں میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔ دوسری جانب مغربی یوپی کے آگرہ، فیروز آباد، مین پوری، اٹاوہ، قنوج، ہردوئی، فرخ آباد، ایٹا، ہاتھرس، متھرا، علی گڑھ، کاس گنج، بدایوں، سنبھل، شاہجہاں پور، بریلی، پیلی بھیت، رام پور اور مرادآباد میں ایک یا دو مقامات پر ہلکی بوندا باندی ہوسکتی ہے۔
لکھنؤ میں بارش سے کئی علاقوں میں پانی جمع
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لکھنؤ میں اتوار کی دیر شام ہوئی تیز بارش کے باعث کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ بارش کے بعد سڑکوں پر پانی بھرنے سے لوگوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مظفر نگر اور بارہ بنکی میں بھی بارش کے باعث معمولات زندگی متاثر ہوئے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو گرج چمک اور شدید بارش کے دوران احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔