Saturday, May 23, 2026 | 05 ذو الحجة 1447
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • عمر خالد کو دہلی ہائی کورٹ سے بڑی راحت، ماں کی سرجری کے لیے 3 دن کی عبوری ضمانت منظور

عمر خالد کو دہلی ہائی کورٹ سے بڑی راحت، ماں کی سرجری کے لیے 3 دن کی عبوری ضمانت منظور

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: May 22, 2026 IST

عمر خالد کو دہلی ہائی کورٹ سے بڑی راحت، ماں کی سرجری کے لیے 3 دن کی عبوری ضمانت منظور
نئی دہلی: دہلی فسادات2020   کے الزام میں  جیل میں بند عمر خالد کو دہلی ہائی کورٹ سے ایک بڑی راحت ملی ہے۔ عدالت نے عمر خالد کو ان کی والدہ کی سرجری میں شامل ہونے کے لیے تین دن کی عبوری ضمانت منظور  کر لی ہے۔جس کے تحت وہ جیل سے باہر آ سکیں گے۔
 
واضح رہے کہ دہلی فسادات کے معاملے میں عمر خالد پر سخت قانون یو اے پی اے (UAPA) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور وہ طویل عرصے سے جیل میں بند ہیں۔ جسٹس پرتیبھا ایم سنگھ اور جسٹس مدھو جین کی بنچ نے حکم دیا ہے کہ عمر خالد 1 جون 2026 سے لے کر 3 جون 2026 تک مشروط طور پر جیل سے باہر رہ سکیں گے۔
 
2 جون کو ہونی ہے ماں کی سرجری:
 
عمر خالد نے اپنی درخواست میں ہائی کورٹ سے 15 دن کی عبوری ضمانت کی مانگ کی تھی۔ ان کا مؤقف تھا کہ ان کے مرحوم چچا کی آخری رسومات کے ساتھ ساتھ ان کی والدہ کی سرجری ہونی ہے، اس لیے پری اور پوسٹ سرجری (سرجری سے پہلے اور بعد کے مراحل) کے دوران ان کا اپنی والدہ کے ساتھ رہنا انتہائی ضروری ہے۔ ان کی والدہ کی سرجری 2 جون کو طے کی گئی ہے۔
 
دہلی پولیس کی جانب سے ضمانت کی شدید مخالفت:
 
اس سے قبل، ٹرائل کورٹ نے گزشتہ 19 مئی کو عمر خالد کی اس درخواست کو خارج کر دیا تھا، جس کے بعد انہوں نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا۔
 
سینئر ایڈوکیٹ تریدیپ پائس نے عمر خالد کا دفاع کرتے ہوئے دلیل دی کہ ان کے موکل کا ماضی کا ریکارڈ درست رہا ہے اور اس سے قبل بھی انہیں اپنی بہن کی شادی میں شرکت کے لیے عبوری ضمانت دی جا چکی ہے، جس کے بعد انہوں نے وقت پر سرینڈر کر دیا تھا۔
 
دوسری طرف، دہلی پولیس کے وکیل نے ضمانت کی سخت مخالفت کی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ عمر خالد کی والدہ کی سرجری اتنی بڑی نہیں ہے اور گھر میں ان کا خیال رکھنے کے لیے عمر خالد کی بہنیں پہلے سے ہی موجود ہیں، اس لیے انہیں ضمانت دینے کی کوئی ٹھوس وجہ نہیں ہے۔
 
تاہم، ہائی کورٹ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عمر خالد کی صرف 3 دن کی ضمانت منظور کی اور سخت شرائط کے ساتھ انہیں باہر آنے کی اجازت دے دی۔