Monday, May 25, 2026 | 07 ذو الحجة 1447
  • News
  • »
  • کھیل/تفریح
  • »
  • آئی پی ایل کی تاریخ میں کس گیند باز نے ایک اننگز میں دیئے ہیں سب سے زیادہ رنز؟

آئی پی ایل کی تاریخ میں کس گیند باز نے ایک اننگز میں دیئے ہیں سب سے زیادہ رنز؟

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: May 24, 2026 IST

آئی پی ایل  کی تاریخ میں کس گیند باز نے ایک اننگز میں دیئے ہیں سب سے زیادہ رنز؟
انڈین پریمیئر لیگ (IPL) 2026 کے 67ویں میچ میں سن رائزرز حیدرآباد (SRH) نے رائل چیلنجرز بنگلور (RCB) کو 55 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی نویں جیت درج کی۔ اس ہائی اسکورنگ مقابلے میں جہاں حیدرآباد کے بلے بازوں نے شاندار کارکردگی دکھائی، وہیں ٹیم کے تجربہ کار تیز گیند باز بھونیشور کمار کے لیے یہ میچ ایک ناپسندیدہ ریکارڈ کا سبب بن گیا۔ بھونیشور کمار نے اپنے 4 اوورز کے کوٹے میں 51 رنز لٹائے اور کوئی وکٹ بھی حاصل نہ کر سکے۔ اس مہنگے اسپیل کے ساتھ ہی وہ آئی پی ایل تاریخ میں مشترکہ طور پر ایک اننگز میں سب سے زیادہ بار 50 یا اس سے زیادہ رنز دینے والے گیند باز بن گئے ہیں۔
 
جسکے ساتھ ہی وہ آئی پی ایل کی تاریخ میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ بار 50سے زائد  رنز دینے والے ٹاپ گیند بازوں کی فہرست  میں بھی  شامل ہو گئے ہیں۔
 
بھونیشور کمار :
 
بھونیشور کمار اس فہرست میں مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے آئی پی ایل کیریئر میں 9بار ایک اننگز میں 50 سے زائد رنز خرچ کیے ہیں۔ بھونیشور کا آئی پی ایل تاریخ کا سب سے مہنگا اسپیل سال 2024 میں آر سی بی (RCB) کے خلاف آیا تھا، جب انہوں نے 4 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ لیے 60 رنز (0/60) دیے تھے۔ مجموعی طور پر، بھونیشور کمار آئی پی ایل کی تاریخ میں دوسرے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے گیند باز ہیں، جنہوں نے 26.37 کی اوسط سے 222 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
 
محمد شامی:
 
اسٹار تیز گیند باز محمد شامی بھی اس فہرست میں مشترکہ طور پر سرفہرست ہیں۔ انہوں نے بھی اپنے آئی پی ایل کیریئر میں 9 مرتبہ ایک اننگز میں 50 سے زائد رنز دیے ہیں۔ آئی پی ایل کی تاریخ کا دوسرا سب سے مہنگا اسپیل محمد شامی کے نام ہی درج ہے، جب انہوں نے سال 2025 میں پنجاب کنگز (PBKS) کے خلاف کھیلتے ہوئے اپنے 4 اوورز میں 75 رنز (0/75) لٹائے تھے۔ شامی کے مجموعی ریکارڈ کی بات کریں تو انہوں نے اب تک 29.11 کی اوسط سے 143 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
 
محمد سراج :
 
تیز گیند باز محمد سراج اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں، جنہوں نے اب تک 8 مواقع پر ایک اننگز میں 50 یا اس سے زیادہ رنز خرچ کیے ہیں۔ رنز کے لحاظ سے ان کی اب تک کی سب سے خراب کارکردگی سال 2022 میں پنجاب کنگز (PBKS) کے خلاف رہی تھی، جہاں انہوں نے 4 اوورز میں 59 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ محمد سراج نے آئی پی ایل میں اب تک مجموعی طور پر 30.05 کی اوسط سے 126 وکٹیں اپنے نام کی ہیں۔