تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن، جھارکھنڈ کے وزیر اعلی ہیمنت سورین اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا بھی 'ووٹر رائٹس یاترا' میں حصہ لیں گے۔ کانگریس نے جمعہ کو اعلان کیا تھا کہ آنے والے دنوں میں کانگریس کے کئی سینئر لیڈر راہل گاندھی کی قیادت میں بہار میں جاری یاترا میں شامل ہوں گے۔
یاترا ایک تاریخی تحریک بن گئی ہے، کانگریس
کانگریس نے دعویٰ کیا کہ 'ووٹ چوری' کے خلاف یاترا ایک "تاریخی تحریک" بن گئی ہے۔ اپوزیشن پارٹی نے یہ بھی اعلان کیا کہ تلنگانہ، ہماچل پردیش اور کرناٹک کے وزرائے اعلیٰ بھی یاترا میں شرکت کریں گے۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے 'X' پر ایک پوسٹ میں کہا، چونکہ ووٹر رائٹس یاترا 'ووٹ چوری' کے خلاف ایک تاریخی تحریک بن گئی ہے، جو نہ صرف بہار بلکہ پورے ہندوستان کے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہی ہے، 'انڈیا' اتحاد اور کانگریس کے اہم لیڈر آنے والے ہفتے میں اس یاترا میں شامل ہوں گے۔
پرینکا گاندھی 26-27 اگست کو آئیں گی:
انہوں نے مختلف اوقات میں یاترا میں شامل ہونے والے کئی لیڈروں کا شیڈول بھی شیئر کیا۔ وینوگوپال نے کہا، ووٹر ادھیکار یاترا میں 26-27 اگست کو پرینکا گاندھی، 27 اگست کو تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن، 29 اگست کو کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا، 30 اگست کو اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو شرکت کریں گے۔ وینوگوپال نے کہا کہ آنے والے دنوں میں سورین، تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی، ہماچل پردیش کے چیف منسٹر سکھویندر سنگھ سکھو اور دیگر سینئر قائدین بھی اس میں شامل ہوں گے اور یاترا کو مزید تقویت دیں گے۔