Friday, May 02, 2025 | 04, 1446 ذو القعدة
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • وقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف آج 'بتی گل'خاموش احتجاج،رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی اکی دردمندانہ اپیل

وقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف آج 'بتی گل'خاموش احتجاج،رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی اکی دردمندانہ اپیل

Reported By: Munsif TV | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Apr 30, 2025 IST     

image
وقف ترمیمی ایکٹ کو لے کر ملک بھر میں مسلسل احتجاج جاری ہے۔ وقف ایکٹ کے خلاف احتجاج میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ (اے آئی ایم پی ایل بی) نے ملک بھر میں ' وقف بچاؤ مہم' شروع کی ہے۔ کئی مسلم تنظیموں بشمول اے آئی ایم پی ایل بی اور دیگر سیاسی جماعتوں نے بھی اس کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضیاں دائر کی ہیں۔ اس سلسلے میں  آج 30 اپریل بدھ کو ملک بھر میں 15 منٹ تک 'بتی گل' مہم کے ذریعے وقف ایکٹ کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔
 
بتا دیں کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی قیادت میں بدھ (30 اپریل) کو ملک بھر میں ایک انوکھا مظاہرہ کیا جائے گا۔ وقف ایکٹ کے خلاف اس احتجاج کے ایک حصے کے طور پر، سبھی سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ 30 اپریل 2025 کو رات 9 بجے سے رات 9.15 بجے تک گھروں، دکانوں، کارخانوں سمیت تمام جگہوں کی لائٹس بند کردیں۔ احتجاج کو کامیاب بنانے کے لیے مسلم تنظیموں کے ساتھ ساتھ دیگر افراد بھی اس میں شرکت کے لیے مسلسل مہم چلا رہے ہیں۔ 
 
اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اور حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے بھی وقف ایکٹ کے خلاف ’بتی گل‘ مہم میں ہر کسی سے حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ "آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے وقف ترمیمی ایکٹ 2025 کے خلاف عوامی احتجاج شروع کیا ہے، جس کے تحت 30 اپریل کو رات 9 بجے سے 9.15 بجے تک بتی گل کے ذریعہ  خاموش احتجاج کیا  جائے گا۔
 
رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے لوگوں سے اپیل کی، "تمام لوگوں سے میری دردمندانہ درخواست ہے کہ وہ رات 9 سے 9.15 کے درمیان صرف 15 منٹ کے لیے اپنے گھر، دفتر، ادارے، فیکٹری وغیرہ کی لائٹس بند رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اس احتجاج کے ذریعے ہمارا مقصد نریندر مودی حکومت کو یہ پیغام دینا ہے کہ انہوں نے جو وقف ترمیمی ایکٹ بنایا ہے وہ خاص طور پر ہندوستان کے آئین کے خلاف ہے۔