گنیش چتورتھی' تہوار کی تقریبات سے قبل ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ جنوبی ممبئی میں 'بھولیشوراچا راجا' کی آمد کی تقریب کے دوران بھگوان گنیش کی 22 فٹ کی مورتی لوگوں پر گر گئی۔ اس حادثہ میں، دو افراد کچل کر ہلاک ہو گئے، اور دو بچوں سمیت پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ ہفتہ کی رات 10:00 اور 10:30 کے درمیان پیش آیا، جس کے بعد فائر بریگیڈ کی ٹیم، برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن (BMC) کے اہلکار اور ممبئی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق، مورتی اس کے فریم میں کچھ ڈھیلے نٹ اور بولٹ کی وجہ سے گر گئی۔حکام نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان میں سے دو کو مردہ قرار دے دیا۔دو مرنے والوں کی شناخت سنکیت نیوشے اور برجیش ہیمنت جوشی کے طور پر کی گئی ہے۔باقی پانچ زخمیوں کی شناخت ویبھو گھنند (38)، پون چورسیہ (25) لاونیا گانر (5) دیویا گانر (7) اور کنال کاشد (26) کے طور پر کی گئی ہے، جن کا دو مختلف اسپتالوں میں علاج چل رہا ہے۔
واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے ایک بزرگ عینی شاہد نے کہا: "پہلے مورتی کا ہاتھ ٹوٹا، میرا پوتا اس کی ٹانگ کے پاس بیٹھا تھا لیکن وہ بروقت ایک طرف ہٹ گیا، کہا جا رہا ہے کہ بت کا وزن 3000 کلو کے قریب تھا۔"انہوں نے مزید کہا، "(برجیش) جوشی، جو ہماری عمارت میں رہتا تھا، بت کے نیچے کچلا گیا تھا۔ میرے بیٹے اور دیگر نے اسے بڑی مشکل سے باہر نکالا اور اسپتال لے گئے جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا،"۔بزرگ شہری نے اس سانحے کی وجہ علاقے کی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کو قرار دیا۔
ایک اور مقامی راکیش چوہان نے بتایا کہ بھگوان گنیش کی آمد کے لیے علاقے میں لوگ جمع تھے اور جب یہ سانحہ پیش آیا تو سبھی خوشی سے ناچ رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ اچانک کیا ہو گیا۔'گنیش اْتسو' ممبئی اور مہاراشٹر کے دیگر حصوں میں سب سے بڑے اور بڑے پیمانے پر منائے جانے والے تہواروں میں سے ایک ہے۔
اس سال 14 ستمبر کو11روزہ گنیش اْتسو کا جشن شروع ہونے والا ہے۔ تہواروں کے دوران، بھگوان گنیش کی خوبصورتی سے تیار کردہ مورتیوں کو گھروں اور عوامی پنڈلوں میں پھولوں، روشنیوں اور مودکوں سے سجایا جاتا ہے۔تقریبات کے دوران، عقیدت مند اس کی پوجا کرنے کے لیے دیوتا کی آمد کی تقریب بھی انجام دیتے ہیں۔ ممبئی کا سب سے اونچا گنیش بت 'ممبئی چا راجہ' ہے، جو تقریباً 45 سے 47 فٹ تک کھڑا ہے۔