ہریانہ کے ضلع امبالا میں 220 فٹ گہرے کھلے بورویل میں گرنے والے چار سالہ بچے کو بچانے کے لیے 21 گھنٹے تک ریسکیو آپریشن جاری رہا، لیکن بدھ کی صبح جب بچے کو بورویل سے نکالا گیا تو ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
منگل کی صبح شروع ہوئے ملٹی ایجنسی آپریشن کے بعد تقریباً 3 بج کر 40 منٹ پرنرویر سنگھ (Nirvair Singh) کو بورویل سے باہر نکالا گیا۔ انہیں فوری طور پر ایمبولینس میں امبالا چھاؤنی کے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ ہسپتال کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ جب بچے کو ایمرجنسی وارڈ میں لے جایا گیا تو اسے مردہ قرر دیا گیا۔
بچہ بورویل میں کیسے گرا؟
یہ واقعہ منگل کی صبح تقریباً 6:30 بجے امبالہ کے دھنیورا (Dhaneora )گاؤں میں پیش آیا۔ چار سالہ نرویر اپنے والد منجیت کے ساتھ اپنے دادا کرنیل سنگھ کو ناشتہ پہنچانے کے لیے خاندان کے کھیتوں میں گیا تھا۔اہل خانہ کے مطابق کرنیل سنگھ صبح سویرے کھیتوں میں گیا تھا، جب کہ منجیت کھانا لے کر بعد میں پہنچا۔ نرویر نے اپنے والد کے ساتھ جانے پر اصرار کیا، اور منجیت نے اسے ساتھ لے جانے پر رضامندی ظاہر کی۔
کھیتوں میں پہنچنے کے بعد منجیت کام میں مصروف ہو گیا جبکہ کرنیل سنگھ ناشتہ کرنے لگا۔ اس دوران نرویر کھیلتے کھیلتے قریب موجود ایک کھلے بورویل تک پہنچ گیا۔ وہ بورویل میں مٹی ڈالنے لگا۔ بتایا جاتا ہے کہ جب وہ اندر جھانکنے کے لیے جھکا تو بورویل کے کنارے کی گیلی مٹی میں دھنس گیا ، جس کے باعث اس کا توازن بگڑ گیا اور وہ بورویل میں جا گرا۔
حکام کو کب دی گئی اطلاع ؟
منجیت نے بتایا کہ گھر والوں نے ایک تیز آواز سنی اور فوراً بچے کو پکارتے ہوئے بورویل کی طرف بھاگے۔ خاندان کے افراد اور گاؤں والوں نے ابتدائی طور پر اسے بچانے کی کوشش کی، لیکن ایسا کرنے میں ناکام ہونے کے بعد، انہوں نے صبح 7:30 بجے کے قریب حکام کو اطلاع دی۔
ڈپٹی کمشنر اجے سنگھ تومر اور دیگر انتظامی افسران جلد ہی موقع پر پہنچ گئے، جس کے بعد این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف اور فوج کی امدادی ٹیموں نے وسیع آپریشن شروع کیا۔
ماضی میں بھی ایسے ہی واقعات
پچھلے مہینے، پنجاب کے ہوشیار پور ضلع میں ایک چار سالہ لڑکے کو اس کے گھر کے قریب نئے کھودے گئے بورویل میں گرنے کے بعد بچایا گیا۔ وہ تقریباً 20 سے 30 فٹ کی گہرائی میں پھنس گیا تھا اور متعدد ایجنسیوں اور مقامی رضاکاروں پر مشتمل تقریباً نو گھنٹے کے ریسکیو آپریشن کے بعد اسے بحفاظت باہر نکال لیا گیا تھا۔
2006 میں، ایک پانچ سالہ لڑکے، پرنس، کو 48 گھنٹے کے بڑے آپریشن کے بعد بچایا گیا تھا جب وہ ہریانہ کےکرکشیتراضلع کے ایک گاؤں میں بورویل میں گر گیا تھا، ایک ایسا واقعہ جس نے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔